مناسک حج کا آغاز ،دنیا بھر سے آئے لاکھوں فرزندان توحید منٰٰی پہنچنا شروع ہو گئی
لبیک اللھم لبیک۔۔۔۔ لبیک اللھم لبیک۔۔۔۔لبیک اللھم لبیک۔۔۔۔ لبیک اللھم لبیک
مکہ مکرمہ (محمد اکرم اسد / بیورو چیف) دنیا بھر سے آئے لاکھوں فرزندان توحید منیٰ پہنچنا شروع ہو گئے۔ جہاں وہ آج ظہر، عصر، مغرب اور عشاء ادا کریں گے اور رات منیٰ میں ہی بسر کریں گے۔ کل صبح فجر نماز کی ادائیگی کے بعد وقوف عرفات کے لئے عرفات روانہ ہوں جائیں گے۔ دنیا بھر سے آئے عازمین بلا تفریق رنگ و نسل ایک ہی لباس (دو سفید چادروں) احرام میں ملبوس ہیں اور لبیک اللھم لبیک کی صدائیں لگاتے رواں دواں ہیں اور اپنے اللہ کے حضور دعائیں، استغفار میں مصروف ہیں۔ عازمین حج کے چہرے خوشی سے دمک رہے ہیں وہ اپنی زندگی میں اہم فریضہ ’’حج‘‘ ادا کرنے آئے ہیں۔ میدان منیٰ میں ایک پورا خیموں کا شہر بسا ہوا ہے جس میں ہر طرف احرام میں لپٹے حجاج نظر آرہے ہیں، ہر طرف سفیدی چمک رہی ہے، شہر منیٰ میں سعودی حکومت کی طرف سے بڑے عمدہ انتظامات کئے گئے ہیں جہاں ہر چیز کی فراوانی ہے جبکہ سیکیورٹی اور سیفٹی کے بھی خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ ٹریفک کو رواں دواں رکھنے کے لئے خصوصی دستے تعینات ہیں۔ نوجوان سکاؤٹ بھی حجاج کی رہنمائی کے لئے ڈیوٹی دے رہے ہیں۔ ہسپتال، ڈسپنسریاں بھی قائم ہیں جہاں بیماروں کا علاج کیا جارہا ہے۔