تحریک انصاف کو 4 اکتوبر کو ڈی چوک میں جلسے کی اجازت نہ ملی
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کو 4 اکتوبر کو ڈی چوک میں جلسے کی اجازت نہیں مل سکی ہے اور ڈپٹی کمشنر مشتاق احمد نے تحریک انصاف کو خط کے جواب میں اس سے آگاہ کر دیا ہے۔ ڈپٹی کمشنر مشتاق احمد کے مطابق ریڈزون میں سیاسی جلسے کی اجازت نہیں ہو گی کیونکہ سیکیورٹی خدشات کے باعث اسلام آباد میں دفعہ 144 نافذ ہے جس کے تحت عوامی اجتماع پر بھی پابندی عائد ہے جبکہ کسی دوسرے علاقے میں جلسے یا ریلی کیلئے این او سی لینا ضروری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے تحریک انصاف کو آگاہ کیا ہے کہ وہ اسلام آباد میں کسی جگہ پر جلسے یا ریلی کیلئے مکمل تفصیلات کے مطابق این او سی کیلئے درخواست جمع کرائیں جبکہ این او سی حاصل کرن سے پہلے حلف نامہ بھی داخل کرایا جائے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک تحریک انصاف کی جانب سے این او سی کے حصول کیلئے کوئی درخواست موصول نہیں ہوئی اور اگر تحریک انصاف کی جانب سے درخواست ملی تو ہی این او سی جاری کیا جائے گا۔