پاکستان اور بھارت کا سرحدی کشیدگی میں کمی کیلئے اقدامات پر اتفاق

پاکستان اور بھارت کا سرحدی کشیدگی میں کمی کیلئے اقدامات پر اتفاق

  



نئی دہلی/ جموں (آئی این پی ) پاکستان اور بھارت نے سرحدوں پر کشیدگی میں کمی کیلئے اقدامات اور صبروتحمل کا مظاہر ہ کرنے پر اتفاق کیا ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز پاکستان اور بھارت کے درمیان جموں وکشمیر کے پونچھ سیکٹر میں چاکن دا باغ کراسنگ پوائنٹ پر بریگیڈ کمانڈر سطح کی فلیگ میٹنگ ہوئی جس میں حالیہ سرحدی کشیدگی اور سیز فائر کی خلاف ورزیوں پر بات چیت کی گئی ۔بھارتی وزارت دفاع کے ترجمان ایس این اچاریہ کا کہنا ہے کہ فلیگ میٹنگ کے دوران دونوں ممالک کے حکام نے کنٹرول لائن پر جنگ بندی کی خلاف ورزیوں اور شہری آبادی کو نشانہ بنائے جانے کے معاملات پر تبادلہ خیال کیا۔ان کاکہنا تھاکہ میٹنگ کے دوران دونوں جانب کے حکام نے سرحدی کشیدگی کو کم کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے صورتحال میں بہتری لانے کیلئے اقدامات کرنے پر اتفاق کیا۔فلیگ میٹنگ ایک گھنٹے تک جاری رہی جس میں بھارت کی جانب سے بریگیڈئر ایچ ایس سرین اور پاکستان کی جانب سے بریگیڈئر عثمان نے نمائندگی کی ۔دونوں ممالک کے درمیان 20 روز تک کنٹرول لائن پر شدید کشیدگی اور فائرنگ کے واقعات کے بعد یہ پہلی بریگیڈئر سطح کی فلیگ میٹنگ ہے ۔

مزید : صفحہ اول


loading...