نوازشریف کی سندھ کے پارٹی عہدیداروں کو عوام سے رابطے بڑھانے کی ہدایت

نوازشریف کی سندھ کے پارٹی عہدیداروں کو عوام سے رابطے بڑھانے کی ہدایت

  



اسلام آباد ( آئی این پی ) وزیراعظم نواز شریف نے سندھ کے پارٹی عہدیداروں کو عوام سے رابطے بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ امن و امان لوڈ شیڈنگ اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی جیسے چیلنجز سے نبرد آزما ہیں ، اقتصادی ترقی ، روزگار اور خوشحالی کے لئے بڑے مسائل کا حل ناگزیر ہے ، آپریشن ضرب عضب کا فیصلہ سیاسی قیادت سے اتفاق رائے سے کیا ، ضرب عضب کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ، کراچی آپریشن صرف دہشتگردوں کے خلاف ہے ۔ پیر کو صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف کی صدارت سندھ کی سیاسی صورتحال سے متعلق اجلاس ہوا جس میں وزراء پارٹی رہنماء اور ارکان قومی و صوبائی اسمبلی شریک ہوئے ۔ اجلاس میں سندھ میں بلدیاتی انتخابات اور سیاسی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اجلاس میں سانحہ بڈھ بیر کے شہداء اور سینیٹر راجہ ظفر الحق کی اہلیہ کیلئے دعائے مغفرت کی گئی ۔ وزیراعظم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت امن وامان ، لوڈ شیڈنگ اور بنیادی ڈھانچے کی ترقی جیسے چینلجز سے نبرد آزما ہے ۔ اقتصادی ترقی ، روز گار اور خوشحالی کیلئے بڑے مسائل کا حل ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کا فیصلہ سیاسی قیادت سے اتفاق رائے سے کیا ، آپریشن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ، دہشتگردی کے مکمل خاتمہ تک آپریشن جاری رہے گا ۔ کراچی آپریشن کا ہدف صرف دہشتگرد ہیں ، کراچی کے شہری امن وامان کی بہتر صورتحال پر خوش اور مطمئن ہیں ۔ اجلاس میں صوبائی جنرل سیکرٹری سندھ اسماعیل راہو نے بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے پارٹی کی صوبائی کمیٹیوں کے قیام پر بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ سندھ کے تمام 29 اضلاع میں کمیٹیاں قائم کردی ہیں جو عوام سے رابطے میں ہیں ۔ مسلم لیگ (ن) عوام کی مقبول ترین اور سب سے بڑی جماعت ہے ، کارکن اور عہدیدار پارٹی کی اصل طاقت ہیں ۔ سینیٹر نہال ہاشمی نے اجلاس میں کہا کہ وزیراعظم نواز شریف ہی ملک کو چیلنجز سے نکال سکتے ہیں ۔ وزیراعظم نواز شریف نے سندھ کے پارٹی عہدیداروں کو عوام سے رابطے بڑھانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں عوام کا معیار زندگی بہتر بنانے کیلئے تجاویز دی جائیں۔

مزید : صفحہ اول