سانحہ پشاور کے باعث عید الاضحی سادگی سے منائیں گے، مخدوم احمد محمود

سانحہ پشاور کے باعث عید الاضحی سادگی سے منائیں گے، مخدوم احمد محمود

  



لاہور (خبر نگار خصوصی) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی 27ویں سالگرہ کی تقریب منسوخی کے بعد پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر و سابق گورنر پنجاب مخدوم سید احمد محمود کی رہائش گاہ پرسانحہ بڈھ بیر پشاور میں فضائیہ کے فوجی افسران اور بے گناہ نمازیوں پر دہشتگردوں کی کارروائی میں شہید ہونیوالوں کی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کا اہتمام کیا گیا جس میں پیپلز پارٹی کی فیڈرل کونسل کے رکن عبدالقادر شاہین ، قومی اسمبلی کے رکن مخدوم مصطفےٰ محمود، جنوبی پنجاب کے سینئر نائب صدر حیدر زمان قریشی، سابق رکن قومی اسمبلی میاں عبدالستار، رکن صوبائی اسمبلی پنجاب میاں محمد شفیع، میڈیا کوآرڈینیٹر جنوبی پنجاب محمد سلیم مغل، چوہدری سمیع اور لیاقت خان سمیت پارٹی کے دیگر عہدیدران و کارکنان نے کثیر تعداد میں شرکت کی اور ملک و قوم کے لئے عظیم قربانیاں دینے والے فوجی جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر مخدوم احمد محمود نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سانحہ پشاور کے واقع میں شہداء کی قربانیوں کو فراموش نہیں کیا جاسکتا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ تقریب کی منسوخی اور شہداء سے اظہار یکجہتی اور ان کی روح کے ایصال ثواب کے لئے قرآن خوانی کا فیصلہ انتہائی دانشمندانہ اور خوش آئند ہے۔ پیپلز پارٹی سانحہ پشاور کے واقع کے بعد عید الاضحی کو بھی سادگی کے ساتھ منانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں دہشتگردوں کو عبرتناک اور کیفر کردار تک پہنچانے میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف کے اقدامات سے پوری قوم خوش ہے۔

مزید : علاقائی