سمندری راستوں سے تجارت سے خطیرزرمبادلہ کماسکتے ہیں، رفیق رجوانہ

سمندری راستوں سے تجارت سے خطیرزرمبادلہ کماسکتے ہیں، رفیق رجوانہ

  



لاہور( نمائندہ خصوصی) گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا کہ گوادر پورٹ کی تعمیر اور پاک چین راہ داری کا منصوبہ ملک کی معیشت کے لئے سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے جس سے ملک میں سمندری رابطوں کے فروغ کے ساتھ ساتھ بحری شعبے میں بھی ترقی ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اَمر خوش آئند ہے کہ پاکستان بحریہ سمندری حدود کی حفاظت کے ساتھ ساتھ سمندری راستوں کے ذریعے ترقی کے موجودہ امکانات سے استفادہ کرنے کے لئے اہم کردار ادا کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ورلڈ میری ٹین ڈے کے موقع پر پاکستان نیوی وار کالج میں سیمینار سے خطاب کے دوران کیا۔ سیمینار میں پاک بحریہ کے افسران کے علاوہ مختلف ملکوں سے آئے ہوئے زیر تربیت افسران اور تعلیمی اداروں کے طلبا و طالبات کی کثیر تعداد موجود تھی۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ سمندری راستوں کے ذریعے تجارتی تعلقات اور کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے بے پناہ مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس شعبے میں مؤثر حکمت عملی کے تحت کام کیا جائے تو پاکستان کے لئے خطیر زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جہاز رانی کی صنعت کو فروغ دینے اور اس کے ذریعے نقل و حمل اور کارگوسروس کو بڑھاکر موجودہ زرمبادلہ کو کئی گناہ تک بڑھایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے پاکستان نیوی وار کالج کی طرف سے سیمینار کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور نوجوان نسل کو اس اہم شعبے کے بارے میں آگاہی پیداکرنے کے قدم کو اہم قراردیا۔ تقریب سے کمانڈنٹ نیوری وار کالج عبدالعلیم اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔ گورنر پنجاب نے اس موقع پر پشاور میں دہشت گردی کے مختلف واقعات میں شہید ہونے والوں کے لئے فاتحہ خوانی بھی کی۔

مزید : علاقائی


loading...