پاکستان اور چین کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں ، بھارتی وزیر داخلہ

پاکستان اور چین کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں ، بھارتی وزیر داخلہ

  



 جموں( اے این این ) بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ بھارت اپنے ہمسایہ ملکوں خاص طورپر پاکستان اور چین کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں رہا ہے اور سرحدی تنازعات اور دہشت گردی سمیت تمام مسائل بات چیت کے ذریعے حل کیے جاسکتے ہیں۔ پاکستان اور چین کے ساتھ سرحدوں سے ملحقہ علاقوں کے تین روزہ دورے کے آغاز کے موقع پر چین سے ملحقہ بھارتی سرحد پر تعینات فوجی اہلکاروں کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ دراندازی اور سرحد پار سے جارحیت کا سلسلہ بندہونا چاہیے، بھارت ہمسایہ ملکوں کے ساتھ تعلقات بہتر بنانے کیلئے تیار ہے لیکن ہم اپنے عزت و وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرسکتے۔ جب تک خطے میں امن قائم نہیں ہوتا خطہ خوشحالی کی راہ پر گامزن نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ بھارت امن پسند ملک ہے اور ہم صرف اپنی سرحدوں کا دفاع کرنا چاہتے ہیں۔ بھارت کے کبھی کسی ملک کے خلاف جارحانہ عزائم نہیں رہے۔ بھارت دنیا کا واحد ملک ہے جہاں ہر مذہب اور فرقے کے لوگ رہتے ہیں اور سر حدوں کے اندر رہنے والے بھارت کے شہری ہیں۔ ہم نے دنیا کو وسودیوا کے فلسفے سے متعلق پیغام دیا ہے کہ پوری دنیا ایک خاندان ہے اور اسی لئے ہم سب کے ساتھ اچھے تعلقات چاہتے ہیں۔ اس سے پہلے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ میں ہمیشہ ہمسایہ ملکوں کے ساتھ بہتر تعلقات کا خواہشمند رہا ہوں اور اس کیلئے ہماری طرف سے کوششیں بھی کی گئی ہیں۔ ہم نے دوستی کیلئے اپنا ہاتھ بڑھایا ہے، پاکستان کو آگے آنا چاہیے بھارت بات چیت کیلئے پہل کرنے کوتیار ہے۔ انہوں نے کہاکہ میں عوام کو یقین دلاتا ہوں کہ ہم ملکی سلامتی عزت و وقار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرینگے۔

مزید : علاقائی


loading...