ڈی سی او لاہور کے حکم پر پرائیویٹ سکولوں کیخلاف شکایات پرکمیٹی قائم

ڈی سی او لاہور کے حکم پر پرائیویٹ سکولوں کیخلاف شکایات پرکمیٹی قائم

  



لاہور(خبرنگار) ڈی سی او لاہور کے حکم پر پرائیویٹ سکولوں کے خلاف شکایات کے حوالے سے باقاعدہ آگاہی مہم چلانے کے لئے کمیٹی قائم کر دی گئی ہے جس میں شہر کی تمام پانچ تحصیلوں کے اسسٹنٹ کمشنرز اور ای ڈی او تعلیم لاہور پرویز اختر خان سمیت ڈی ای او پرائیویٹ سکولز محمد حسنات پر مشتمل کمیٹی قائم کر دی گئی ہے ۔ ڈی سی او لاہور کی نگرانی میں بنائی جانے والی کمیٹی نے پرائیویٹ سکولز کے اچانک دورے کرنا شروع کر دئیے ہیں جس میں کمیٹی کے ارکان پرائیویٹ سکولوں کے کھلنے اور چھٹی کے اوقات میں باقاعدہ والدین سے ملاقات کریں گے اور پرائیویٹ سکولز کے مالکان اور انتظامیہ کے خلاف شکایات کو سن کر موقع پر فیصلہ کیا جائے گا جس میں کمیٹی کے ارکان کو پرائیویٹ سکولز مینجمنٹ آرڈیننس 2015ء کے تحت کارروائی کا اختیار دیا گیا ہے ۔ اس حوالے سے ای ڈی او تعلیم لاہور پرویز اختر خان نے ’’پاکستان‘‘ کو بتایا کہ لاہور میں پرائیویٹ سکول میں اضافی فیسوں کی وصولی اور رجسٹریشن سمیت تمام امور کا جائزہ کے لئے انسپکشن کے عمل کو تیز کر دیا گیا ہے جس میں روزانہ کی بنیاد پر ڈی سی او لاہور کو رپورٹ بھجوا دی گئی ہے۔ اس میں تمام اسسٹنٹ کمشنروں کے دفاتر اور ان کے دفتر سمیت ڈی سی او لاہور کے دفتر میں شکایات کو درج کروانے کے لئے الگ الگ کاؤنٹرز قائم کر دئیے گئے ہیں جس میں والدین روزانہ کی بنیاد پر شکایات درج کروا رہے ہیں۔ ای ڈی او تعلیم نے مزید بتایا کہ اگلے ایک ماہ تک لاہور کے تمام پرائیویٹ سکولز کی انسپکشن مکمل کر کے اضافی فیس کی وصولی اور رجسٹریشن کا کام مکمل کر لیا جائیگا۔

مزید : علاقائی