پاک سر زمین کی سالمیت اور تحفظ کیلئے فضائیہ کسی قربانی سے دریغ نہیں کریگی ، ایئر چیف
پشاور (آئی این پی) پاک فضائیہ کے سربراہ ایئرچیف مارشل سہیل امان نے ملک سے وفاداری کا عزم دہراتے ہوئے کہا ہے کہ فضائیہ پاک سرزمین کی سالمیت اورتحفظ کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی ، ہم میں سے ہر کسی کا بنیادی اور پہلا فرض ملک سے وفاداری ہے‘ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہمارے مستقبل کی جنگ ہے‘ دشمن کو معلوم ہونا چاہئے کہ کوئی ہمارا عزم متزلزل نہیں کرسکتا‘ ملکی خودمختاری کی حفاظت ہمارا فرض ہے، دہشت گردوں کو ان کے مذموم ارادوں میں کامیاب نہیں ہونے دینگے ۔ وہ گزشتہ روز پشاور میں بڈھ بیر میں پاک فضائیہ کے کیمپ کے دورہ کے موقع پر جوانوں سے خطاب کررہے تھے۔ ایئرچیف مارشل نے وہاں پر جوانوں سے ملاقات کی۔ انہوں نے فضائیہ کیمپ پر دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے جوانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔ اس موقع پر جوانوں سے خطاب کرتے ہوئے پاک فضائیہ کے سربراہ نے کہا کہ مادر وطن کی حفاظت ہماری پہلی اور بنیادی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ ہمارے مستقبل کی جنگ ہے۔ ہمارے دشمن کو معلوم ہونا چاہئے کہ کوئی ہمارے عزم کو متزلزل نہیں کرسکتا۔ انہوں نے کہا کہ مادر وطن کی خودمختاری کی حفاظت ہمارا فرض ہے اور پاک فضائیہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردوں کو ان کے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ پاک فضائیہ جب تک اپنا یہ مشن پورا نہیں کرلیتی اس وقت تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔