حافظ آباد، شرابی نوجوان کی ساتھیوں کے ہمراہ شہری کے گھر پر فائرنگ
حافظ آباد(ڈسٹرکٹ رپورٹر)حافظ آباد کے محلہ عبدالستار ونیکے روڈ پر رات کے وقت مبینہ طور پر شراب میں دھت اوباش نوجوانوں کی فائرنگ۔علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر دو ملزمان کو گرفتار کرکے 5افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ رات محلہ عبدالستار ونیکے روڈ حافظ آباد میں شراب میں دھت چند نوجوانوں کو مبینہ طور پر سہیل بشیر نے غل غپاڑہ کرنے سے روکا تو مسلح ملزمان جس میں محمد امین، محمد سلیم، عثمان پسران محمد دین، ساجد عرف جگنو اور راشد شامل تھے۔
انہوں نے سہیل بشیر کے گھر کے باہر آکر اندھا دھند فائرنگ کردی۔لیکن وہ بال بال بچ گیا۔ فائرنگ کے نتیجہ میں پورے علاقہ میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ اور مکینوں کے کثیر تعداد وہاں جمع ہوگئی۔ اسی دوران پولیس نے موقع پر پہنچ کر دو ملزمان محمد امین اور سلیم کو گرفتار کرکے پانچ افراد عثمان، امین، سلیم، ساجد اور راشد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔