مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ،ساتھی فرار

مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو ہلاک ،ساتھی فرار

  



جڑانوالہ ( نا مہ نگار)تھانہ سٹی کی حدود میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو فائرنگ کے تبادلہ میں ہلاک جبکہ ساتھی ڈاکو پولیس کو جل دے کر فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔ سٹی پولیس کماد کی فصل میں ٹامک ٹوئیاں مارتی رہ گئی۔ بتایا گیا ہے کہ چک نمبر109ر۔ب کا رہائشی سہیل اپنی موٹر سائیکل نمبری FDP 6641پر سوار گاؤں سے شہر کی جانب آرہا تھا کہ جب وہ چک نمبر 105گ ب بنگے پل کے قریب پہنچا تو 2ڈاکوؤں نے اسکو گن پوائنٹ پر زبردستی موٹر سائیکل ، نقدی اور موبائل فون سے محروم کرنے کے بعد ، موٹر سائیکل پر جب جڑانوالہ سید والہ روڈ پر پہنچے تو ڈی ایس پی جڑانوالہ سرکل اختر وینس کو مخبری ہوگئی اور انہوں نے ملزمان کو پیچھے سے جا لیا ۔ پولیس پارٹی کو دیکھ کر ملزمان نے فائر کھول دیا اور فائرنگ کے نتیجہ میں ایک ڈاکو شدید زخمی ہونے کے بعد موقع پر ہی ہلاک ہو گیا جبکہ اس کا ساتھ قریبی کھیتوں میں گھس کر پولیس کو ماموں بناتے ہوئے پیدل ہی فرار ہوگیا۔ سٹی پولیس نے ڈی ایس پی کی ہدایت پر ہلاک ہونے والے ڈاکو کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے ٹی ایچ کیو ہسپتال پہنچاتے ہوئے مفرور ڈاکو کی تلاش شروع کر دی۔ ڈی ایس پی اختر وینس کے مطابق سرکل پولیس سماج دشمن عناصر کی بیخ کنی کے لیے اپنے تمام وسائل بروئے کار لاتے ہوئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہ رکھے ہوئے ہیں۔

مزید : علاقائی