شالیمار سنگین جرائم میں ملوث اجرتی قاتل آلہ قتل سمیت گرفتار

شالیمار سنگین جرائم میں ملوث اجرتی قاتل آلہ قتل سمیت گرفتار

  



 لا ہور(کرا ئم سیل ) شالیمارانویسٹی گیشن پولیس نے قتل،اقدام قتل اور ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث پیشہ ور اجرتی قاتل قمر سجاد عرف مٹھو کو گرفتار کرکے آلہ قتل برآمد کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ایس پی انویسٹی گیشن سول لائنز فیصل مختار نے ایس ڈی پی اومغلپورہ عثمان حیدراور انچارج انویسٹی گیشن شالیمار مقصود احمد کی سربراہی میں پولیس ٹیم تشکیل دی۔ اس نے کچھ عرصہ قبل شالیمار کے علاقہ میں فائرنگ سے ہلاک ہونیوالے مقتول محمدیاسم کے اندھے قتل کی واردات کا سراغ لگانے کے لیے بھرپرمحنت کی۔ موبائل فون کالز، مدعی مقدمہ اور مختلف ذرائع سے حاصل ہونے والی معلومات کی روشنی میں قاتل گروہ کے سرغنہ قمر سجاد عرف مٹھو کو گرفتار کر کے تفتیش کی تو اس نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ وہ ایک اجرتی قاتل ہے اور اس نے یہ قتل ڈیڑھ لاکھ روپے کے عوض کیا۔ اس نے بتایا کہ مقتول محمدیاسم کے سسر، ساس اور بیوی نے مل کر اس کی کروڑوں روپے کی جائیداد ہتھیانے کے لیے اسے قتل کروایا تھا۔یہ امر قابل ذکر ہے کہ ملزم کرائے پر قتل کرنے کا عادی مجرم ہے اور اس سے قبل بھی قتل کے متعدد مقدمات میں جیل جا چکا ہے۔ ایس ایس پی انویسٹی گیشن رانا ایاز سلیم نے خطرناک اور سفاک اجرتی قاتل کی گرفتاری پر پولیس ٹیم کے لئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا ہے۔

مزید : علاقائی