بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کررہی ہے، لیاقت بلوچ
لاہور(خبر نگا رخصوصی)جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور سابق پارلیمانی لیاقت بلوچ نے کہا کہ بھارتی قابض فوج مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کررہی ہے اور بھارتی وزیر اعظم نریندرمودی پاکستان کے خلاف سازشوں اور جارحیت کا سلسلہ بڑھا رہے ہیں۔ایسے موقع پر بنگلہ دیشی وزیر اعظم کی طرف سے بھارت کی حمایت کے اعلا ن سے بنگلہ دیش میں محب اسلام ،محب وطن رہنماؤں کو پھانسیوں کا منصوبہ بے نقاب ہوگیا،بلی تھیلے سے باہر آگئی ہے ۔انڈیا نے سارک فورم کو عملاً ختم کردیا ہے ایسے مفلوج اور بیکار فورم اب لا حاصل ہیں ۔یہ بھی بھارتی جرائم کی فہرست میں ایک اور خطہ کے عوام سے دشمنی کا اضافہ ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ سیاست اورجمہوریت میں اختلاف آئینی، جمہوری اور سیاسی حق ہے۔اپوزیشن جماعتوں کو حکومتی نااہلی، کرپشن اور عوام دشمن اقدامات پر احتجاج کا حق ہے۔سیاسی احتجاج ایسی ریڈ لائن عبور نہ کرے جس سے آئین،جمہوریت،عدلیہ کو نقصان ہو اور پاکستان دشمن قوتوں کو سہولت کاری ہو،جماعت اسلامی 30ستمبر کو فیصل آباد میں کرپشن کے خلاف اور بلا امتیاز تحقیقات و احتساب کے لیے عدالتی کمیشن کے قیام کے لیے عوامی دھرنا دے گی ۔
لیاقت بلوچ