بارش برسانے والی ہوائیں ملک میں داخل،موسم کی تبدیلی کاامکان

بارش برسانے والی ہوائیں ملک میں داخل،موسم کی تبدیلی کاامکان

لاہور (کامرس رپورٹر)محکمہ موسمیات کے مطابق بارش برسانے والی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ ملک میں داخل ہو گیا ہے جو موسم میں تبدیلی کا باعث بنے گا۔ اس سلسلے سے خیبر پختونخواہ ، پنجاب اور کشمیر سمیت بالائی علاقوں میں بارش کا امکان ہے۔ آئندہ 24گھنٹوں میں مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان،کوہاٹ، راولپنڈی، گوجرنوالہ، لاہور، سرگودھا، فیصل آباد ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر، فاٹا اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں تیز ہواوءں،آندھی اور گرج چمک کیساتھ بارش کا امکان ہے۔ملک کے دیگرعلاقوں میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔گزشتہ 24 گھنٹوں میں لاہور،مالاکنڈ، ہزارہ،پشاور، کوہاٹ، راولپنڈی ڈویژن، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش ہوئی۔ صوبائی دارالحکومت میں سارادن بادلوں اور سورج میں آنکھ مچولی جاری رہی۔ تاہم مغرب کے بعد شہر کے کئی علاقوں میں ہلکی بارش کا سلسلہ شروع ہو گیا جس سے گرمی کی شدت میں تو کمی ہوئی لیکن حبس بڑھ گیا۔ گزشتہ روز ملک میں سب سے زیادہ بارش لوئیر دیر 29، لاہور میں 28، پٹن 12، مظفر آباد 12، کامرہ 10، دیر 09، بگروٹ 06، مری 06، گڑھی دوپٹہ 05، سیدو شریف 05، مالم جبہ 05، کوہاٹ 04،بونجی 04، چیراٹ 03، راولاکوٹ 03، پشاور 02 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ ریکارڈ کیے گئے گرم ترین مقامات کے درجہ حرارت میں نوکنڈی 44، دالبندین 43، سکھر، روہڑی اور نورپور تھل 42، سبی اور بھکر 41 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔ دیگر شہروں میں ریکارڈ کئے گئے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت میں اسلام آباد میں35 ، لاہور میں 36، کراچی میں 34، پشاور میں35 ، کوئٹہ میں35 ، مری میں 23، فیصل آباد میں38 ، ملتان میں39 اور حیدر آباد میں38 سنٹی گریڈ رہا۔

مزید : صفحہ آخر


loading...