اہم میچ میں کپتان ایک مرتبہ پھر ناکام، سرفراز احمد نے آخری نصف سنچری کب اور کس کے خلاف بنائی ؟جان کر آپ کو بھی غصہ آ جائے گا
دبئی(ڈیلی پاکستان آن لائن) قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان ایشیاء کپ میں افغانستان کے خلاف اہم میچ میں بھی جوہر دکھانے میں ناکام ہو گئے ہیں اور اہم میچ کے مشکل مرحلے میں صرف 8 سکور بنا کر پویلین لوٹ گئے ہیں۔ رواں سال اب تک کپتان کی کارکردگی انتہائی مایوس کن ہے جس کا اندازہ اس بات سے بخوبی لگایا جا سکتا ہے کہ انہوں نے آخری نصف سنچری آٹھ ماہ پہلے بنائی تھی۔
تفصیلات کے مطابق سرفراز احمد پاکستان کے تینوں فارمیٹ کے کپتان ہیں ،سرفراز احمد نے ون ڈے انٹرنیشنل میں اپنی آخری نصف سنچری رواں سال جنوری میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہیملٹن میں بنائی تھی،وہ گذشتہ 8 میچوں میں کوئی نصف سنچری نہیں بناسکے ہیں،ان میں سے 4 اننگز میں ان کی بیٹنگ کام نہ آسکی اور 2 بار وہ ناٹ آؤٹ رہے جبکہ ایک اننگز میں 3 اور بھارت کے خلاف دبئی میں وہ محض 6 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔
سرفراز احمد نے ون ڈے میں آخری میچ وننگ اننگز پندرہ ماہ قبل کارڈف میں آئی سی سی چیمپیئنز ٹرافی کے میچ میں بنائی تھی، جب وہ 61 رنز بناکر ناٹ آؤٹ رہے تھے، ان 8 میچوں میں سرفراز احمد نے وکٹوں کے پیچھے 9 کیچ لیے اور ایک اسٹمپڈ کیا،31 سالہ سرفراز احمد پاکستان کی جانب سے 41 ٹیسٹ، 92 ون ڈے انٹرنیشنل اور 48 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں۔