گورنر سندھ اور وزیر مملکت برائے داخلہ کی یوم عاشور کے پر امن انعقاد پر انتظامیہ اور جلوس منتظمین کو مبارکباد
کراچی(ڈیلی پاکستان آن لائن) گورنر سندھ عمران اسماعیل اور وزیر مملکت برائے داخلہ شہریار آفریدی نے یوم عاشور کے جلوس اور مجالس کے پرامن انعقاد پر شہری انتظامیہ، منتظمین اور شرکا کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں یوم عاشور مذہبی عقیدت واحترام سے منایا گیا، گورنر سندھ اور شہریار آفریدی نے یوم عاشور کے پرامن جلوس کے انعقاد پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مبارکباد پیش کی ہے ۔گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ باہمی تعاون سے جلوسوں اور مجالس کا پر امن انعقاد ممکن ہوا، باہمی تعاون سے ہی ملک میں دائمی امن کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔دوسری جانب وزیر مملک برائے داخلہ شہریار آفریدی نے یوم عاشور کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ اللہ کا شکر آج یوم عاشور خیروعافیت سے گزرا،ہر مسلک اور مذاہب کے لوگوں کا تحفظ ریاستی ذمہ داری ہے،میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جوانوں نے انتھک محنت سے ثابت کیا کہ پاکستان امن کا گہوارہ ہے۔