مذاکرات منسوخ کرنا پاکستان پر دباؤ برقرار رکھنے کی کوشش،انڈیا چاہتا ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ اقوام متحدہ میں نہ اٹھائیں:سابق ہائی کمشنر عبدالباسط
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)بھارت میں تعینات سابق پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں اٹھانا چاہیے،پاکستان سے مذاکرات منسوخ کرکے بھارت دباؤ برقرار رکھنے کی کوشش کررہا ہے، پاکستان کو دیکھنا ہے کہ ہمارے مفاد میں کیا ہے؟۔
نجی ٹی وی چینل ’’ اے آر وائی نیوز ‘‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئےعبدالباسط کا کہنا تھا کہ گزشتہ 5 سال میں پاکستان کی ڈپلومیسی خراب رہی ہے، گزشتہ 5 سال میں پاکستان نے مقبوضہ کشمیر پر زیادہ فوکس نہیں رکھا، بھارت چاہتا ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر کا مسئلہ یو این میں نہ اٹھائیں،بھارت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کیا جارہا ہے، مقبوضہ کشمیر کے مسئلے کو اقوام متحدہ جنرل اسمبلی میں اٹھانا چاہیے۔سابق پاکستانی ہائی کشمنر عبد الباسط کا کہنا تھا کہ امید کرتا ہوں موجودہ حکومت پاکستان کا ٹھوس مؤقف دنیا کے سامنے رکھے گی، پاکستان کی طرف سے مقبوضہ کشمیر کے لیے خصوصی نمائندہ ہونا چاہیے، معاملات آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے مؤقف کو ٹھوس انداز میں اپنانا ہوگا۔