تنزانیہ میں کشتی الٹنے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 136 ہوگئی،مزید ہلاکتوں کا خدشہ
لندن(ڈیلی پاکستان آن لائن)افریقی ملک تنزانیہ میں جھیل میں کشتی الٹنے کے حادثے کے نتیجے میں ہلاکتوں کی تعداد 136 ہوگئی ہے جبکہ اب بھی متعدد افراد لاپتہ ہیں جبکہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق کشتی ڈوبنے کا واقعہ تنزانیہ کی وکٹوریہ جھیل میں پیش آیا، کشتی میں 300 زائد مسافر سوار تھے جبکہ اب تک 37 افراد کو بچالیا گیا ہے اور لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔واقعے کے بعد تنزانیہ نے چار روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے جبکہ ملکی صدر جون ماگوفولی نے کشتی کے آپریٹر کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کیے ہیں۔ٹی وی پر نشر ہونے والی اپنی تقریر میں ان کا کہنا تھا کہ صاف ظاہر ہے کہ کشتی پر گنجائش سے زائد لوگ موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ غفلت برتنے والوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔