وزیرخارجہ اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی اجلاس میں شرکت کیلئے امریکا روانہ
اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن) وفاقی وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اقوام متحدہ کے جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کےلئے نیو یارک روانہ ہوگئے۔سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ بھی وزیر خارجہ کے ہمراہ گئی ہیں۔
دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے علاوہ مختلف ممالک کے وزرائے خارجہ سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی مسئلہ کشمیر سمیت مختلف امور پر بھرپور طریقے سے پاکستان کا موقف بیان کریں گے۔
واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان کی جانب سے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے دوران پاک بھارت وزرائے خارجہ کی ملاقات کی تجویز پیش کی گئی تھی جسے بھارت نے قبول کر لیا تھا،دونوں ممالک کے وزرائے خارجہ کے درمیان 27 ستمبر کو نیویارک میں ملاقات بھی طے پا گئی تھی، تاہم گزشتہ روز نئی دہلی کی جانب سے یہ ملاقات منسوخ کردی گئی۔