سول ملٹری تعلقات میں تناﺅ اب بھی موجود، موجودہ حالات میں وزیر اعظم نہیں بننا چاہتا: شاہد خاقان عباسی
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا ہے کہ سول ملٹری تعلقات میں تناﺅ اب بھی موجود ہے جس کی وجہ سے عمران خان ڈلیور نہیں کرپائیں گے، اب بھی پس پردہ سیاست میں ملٹری کا ہی کردار ہے، موجودہ حالات میں وزیر اعظم نہیں بننا چاہتا۔
نجی ٹی وی سما کو دیے گئے انٹرویو میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میڈیا کنٹرولڈ ہے ، عدالتیں شکایتیں کر رہی ہیں، ان حالات میں دوبارہ وزیر اعظم نہیں بننا چاہتا، ملک کے جس طرح کے حالات ہیں ان میں نہیں سمجھتا کہ وزیر اعظم ڈلیور کرپائے گا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان سول ملٹری تناﺅ کو مفروضہ کہتے ہیں حالانکہ سول ملٹری تناﺅ ایک حقیقت ہے، اب بھی پس پردہ رہ کر سیاست میں کردار ملٹری کا ہی ہے۔ آئین سے باہر جاتے ہیں تو جھگڑے ہوتے ہیں جن کا ماضی میں بھی خمیازہ بھگتا اور آئندہ بھی بھگتیں گے، ہمارا کسی سے جھگڑا نہیں ہے ، ہم صرف یہ کہتے ہیں کہ آئین سے باہر کوئی چیز نہیں ہونی چاہیے۔
شاہد خاقان عباسی نے میاں نواز شریف کی رہائی کے پیچھے کسی خفیہ ڈیل کی صاف الفاظ میں تردید کی اور کہا میاں صاحب کسی ڈیل کے حق میں تھے نہ آج ہیں ، ڈیل کے مواقع آئے ہیں لیکن انہوں نے نہیں کی۔