حوثیوں نے پٹرول، ڈیزل اور گیس کے 200 انجن قبضے میں لے لئے
صنعاء (این این آئی) حوثی باغیوں نے البیضاء گورنری کے علاقے البریہ میں پٹرول، ڈیزل کی بڑی مقدار اور گیس کے 200 انجن قبضے میں لے لئے ۔
غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق یہ سامان مآرب سے لایا جا رہا تھا جسے حوثی باغیوں نے راستے میں لوٹ لیا۔ مقامی ذرائع کا کہنا تھا کہ حوثی ملیشیا کی جانب سے ہرڈیزل ٹینکر پر 4 ملین ریال کا کسٹم ٹیکس عاید کردیاہے،درایں اثناء یمن میں امدادی کاموں میں سرگرم شاہ سلمان ریلیف سینٹر کے جنرل سپروائزر عبداللہ الربیعہ نے کہا کہ ہم یمن کے بیشتر علاقوں میں امدادی سامان پہنچانے میں کامیاب رہے اور کامیابی کے ساتھ امدادی آپریشن جاری ہے۔
ایک پریس کانفرنس سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ عرب اتحاد یمن کے ساحلی علاقے الحدیدہ میں جنگ سے متاثرہ شہریوں کو ہرممکن مدد فراہم کررہا ہے۔اس پریس کانفرنس میں متحدہ عرب امارات کے معاون وزیر مملکت برائے خارجہ وعالمی امورسلطان الشامسی، ڈائریکٹر سول آپریشنز عبداللہ بن دخیل الحبابی اور دیگر عہدیدار بھی موجود تھے۔اس موقع پر الربیعہ نے الزام عاید کیا کہ حوثی باغی یمنی عوام کے لیے آنے والی امداد کی لوٹ مار میں ملوث ہیں۔