’میرا کھویا ہوا ڈرائیونگ لائسنس اس آدمی کو ملا تو اس نے فیس بک پر۔۔۔‘ ایک ڈرائیونگ لائسنس کے ذریعے اس لڑکی کے ساتھ کیا خوفناک کام کردیا گیا، وہ بات جو ہر شخص کو ضرور معلوم ہونی چاہیے
لندن(نیوز ڈیسک) شناختی کارڈ ہو یا ڈرائیونگ لائسنس، اس طرح کی دستاویز گم ہو جائے تو خاصی پریشانی اٹھانی پڑتی ہے۔ اگرچہ عموماً یہ پریشانی گم شدہ دستاویز کو دوبارہ بنوانے تک محدود ہوتی ہے مگر اس برطانوی لڑکی کے ساتھ پیش آنے والے واقعے سے پتا چلتا ہے کہ یہ معاملہ کہیں زیادہ پیچیدہ اور خطرناک بھی ثابت ہو سکتا ہے۔
میل آن لائن کے مطابق 22 سالہ لڑکی فیون سٹاکڈن کا کہنا ہے کہ دو سال قبل جب ان کا ڈرائیونگ لائسنس گم ہوا تو انہوں نے متعلقہ ڈیپارٹمنٹ سے رابطہ کیا اور نئے لائسنس کی درخواست دے دی۔اُن کا خیال تھا کہ لائسنس کا گم ہوجانا ایک وقتی پریشانی اور انہیں بس نیا لائسنس بنوانے کی زحمت کرنا پڑے گی مگر دراصل یہ معاملہ ان کیلئے کہیں بڑھ کا تکلیف کا سبب بن گیا۔
فیون کے وہم و گمان میں بھی نہیں تھا کہ ان کے لائسنس کی مدد سے کوئی ان کی دیگر شناختی معلومات بھی چرا لے گا اور اُن کا غلط استعمال کرے گا۔ لائسنس گم ہونے کے چند ماہ بعد فیون کو ڈورسیٹ پولیس کی جانب سے ایک نوٹس ملا جس میں کہا گیا تھا کہ بورن ماؤتھ ٹاؤن سنٹر کے علاقے میں حد رفتار کی خلاف ورزی پر ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جا رہی ہے اور انہیں 140پاؤنڈ کا جرمانہ اد اکرنے کا حکم دیا گیا تھا، جبکہ ان کے لائسنس پر سزا کے تین پوائنٹ بھی درج کئے گئے تھے۔ فیون نے پولیس کے سامنے اس معاملے کی وضاحت کرنے کی کوشش کی کہ ان کا گمشدہ لائسنس کسی نے استعمال کیا ہے، مگر یہ معاملہ کسی طور سلجھ نہیں رہا تھا۔
کسی طرح وہ پولیس کو قائل کرنے میں کامیاب ہوئیں کہ کسی نے اُن کے گم شدہ لائسنس کا غلط استعمال کیا ہے، مگر جلد ہی انہیں پتہ چلا کہ جس شخص کو ان کا ڈرائیونگ لائسنس ملا اس نے اُن کے فیس بک اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کی تھی اور اُن کا ذاتی نوعیت کا شناختی ڈیٹا بھی حاصل کر لیا تھا۔ بعد میں معلوم ہوا کہ اُس نے یہ کام ایک مخصوص ایپ کی مدد سے کیا، جس میں لائسنس سے ملنے والی معلومات درج کر کے اُس نے فیون کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ تک رسائی حاصل کی تھی۔ ملزم نے فیون کے نام سے میسجز بھی دوسرے لوگوں کو بھیجے اور اُن کی تصاویر اور ویڈیوز تک بھی بلا اجازت رسائی حاصل کی۔ پولیس نے ایک طویل جدوجہد کے بعد بالآخر ملزم کا پتا چلا لیا۔ یہ 24سالہ محمد دامر بوئس ہے، جسے فیون کا گم شدہ ڈرائیونگ لائسنس ملا اور دو سال تک اُس نے لڑکی کا جینا حرام کئے رکھا۔ اب اس شیطان صفت نوجوان کے خلاف قانونی کاروائی جاری ہے۔