بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکیاں کوئی معنی نہیں رکھتیں،ساری پاکستانی قوم اپنی بہادرفوج کے ساتھ کھڑی ہے:پیرزادہ ثاقب خورشید عالم

بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکیاں کوئی معنی نہیں رکھتیں،ساری پاکستانی قوم ...
بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکیاں کوئی معنی نہیں رکھتیں،ساری پاکستانی قوم اپنی بہادرفوج کے ساتھ کھڑی ہے:پیرزادہ ثاقب خورشید عالم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)معروف دینی و روحانی سکالر اور آستانہ عالیہ پیر آف راجڑ شریف کے گدی نشین پیرزادہ ثاقب خورشید عالم نے کہا ہے کہ بھارتی آرمی چیف کی گیدڑ بھبکیاں پاکستان کے لئے کوئی معنی نہیں رکھتیں ،پاکستان کی بہادر افواج جب چاہے اور جہاں چاہے بھارت کو ناکوں چنے چبوا سکتی ہے ،ساری پاکستانی قوم اپنی بہادرفوج کے ساتھ کھڑی ہے اور کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرے گی ۔

تفصیلات کے مطابق  پیر آف راجڑ شریف پیرزادہ ثاقب خورشید عالم کا اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہنا تھا کہ بھارت انتہائی شاطر اور کمینہ ہمسایہ ہے، اس کو معلوم ہے کہ وہ پاکستان کو شکست نہیں دے سکتا اس لیے وہ پراکسی وار اور اپنے ایجنٹوں کے ذریعے پاکستان کو کمزور کرنے کی سازشیں کر رہا ہے ،پاک فوج پر الزام تراشی کرنا ہندوستان کا پرانا وطیرہ ہے اور سرجیکل سٹرائیک کے جھوٹے دعوی نے اس کے مکروہ چہرے کو پوری دنیا میں بے نقاب کر دیا تھا ،بھارتی آرمی چیف کو مقبوضہ کشمیر میں کشمیری حریت پسندوں کے جذبہ شہادت  نے پاگل کیا ہوا ہے اور اب وہ اپنی ناکامی کے داغ چھپانے کے لئے اس طرح کی گیدڑ بھبکیاں دے کر بھارتی عوام کو رام کرنا چاہتے ہیں ۔پیرزادہ ثاقب خورشید عالم کا کہنا تھا کہ پاک فوج کا ہر جوان جذبہ شہادت سے سرشار ہے اور ملک و قوم کی حفاظت کے لئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کر کے دشمنوں کی سازشوں کا ناکام بنا رہا ہے ،آج بھی شمالی وزیرستان میں پاک فوج کے کیپٹن جنید سمیت سات جوانوں نے شہید ہو کر قوم کو نیا حوصلہ دیا ہے،پاکستان کے خلاف ملک میں رہ کر زہر افشانی کرنے ،اہم اور حساس اداروں کے خلاف بے جا تنقید کے نشتر  چلانے والے بلواسطہ طور پر بھارت کے سہولت کار ہیں ،پاکستانی قوم ان آستین کے سانپوں کو پہچان چکی ہے اور انہیں ہرگز معاف نہیں کرے گی ۔پیرزادہ ثاقب خورشید عالم کا کہنا تھا کہ بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت کسی بھول میں ہیں ،ان کی گیدڑ بھبکیوں سے پاکستانی قوم خوفزدہ ہونے والی نہیں ہے بلکہ ان دھمکیوں کے بعد پاکستانی قوم کی اپنے ملک اور فوج سے محبت میں مزید اضافہ ہو جاتا ہے ۔