"صحت انصاف کارڈ اور احساس پروگرام " وزیراعظم کی غریبوں کا ہاتھ تھامنے کا عملی اظہار ہے، فردوس عاشق اعوان

"صحت انصاف کارڈ اور احساس پروگرام " وزیراعظم کی غریبوں کا ہاتھ تھامنے کا عملی ...

  


اسلام آباد(ڈیلی پاکستان آن لائن)وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات و نشریات فردوس عاشق نے کہا ہے کہ"صحت انصاف کارڈ اور احساس پروگرام " وزیراعظم عمران خان کی محروموں،غریبوں اور بے کسوں کا ہاتھ تھامنے اور انہیں سماجی و معاشی خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے کا عملی اظہار ہیں۔عمران خان عام آدمی کے ساتھی ہیں، ان کا معیار زندگی بلند دیکھنا ان کا نصب العین ہے۔

معاون خصوصی فردوس عاشق نے اپنے ٹوئٹ میں کہا ہے کہ صحت کارڈ سے ملک میں ایک کروڑ پانچ لاکھ گھرانے مستفید ہوں گے اور انہیں سرکاری ہسپتالوں میں7 لاکھ 20 ہزارروپے تک مالیت کا علاج مفت فراہم کیا جائے گا وزیراعظم کے ویژن کے مطابق اگلے دو برس کے دوران یہ کارڈ ڈیڑھ کروڑ افراد میں تقسیم کردیئے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ دونوں پروگرام غریب اور نادار افراد کے تحفظ کےلئے سنگ میل ثابت ہوں گے،بیماری سے بڑھ کر کوئی بے بسی نہیں ہوتی،صحت کارڈ سے ان غریبوں اور ناداروں کا علاج ممکن ہورہا ہے جو اپنے مالی حالات کے پیش نظر ہسپتالوں کا رخ نہیں کر پاتے۔

فردوس عاشق نے کہا کہ احساس پروگرام کا مقصد ملک بھر سے غریبوں کو غربت کی لکیر سے نکال کر معاشی ترقی کا حصہ بنانا اور عدم مساوات کا خاتمہ ہے۔

مزید : قومی /علاقائی /اسلام آباد


loading...