صدر مملکت عارف علوی نے پارلیمنٹ سے خطاب سے قبل اپوزیشن کو کیا پیغام بھیجا تھا؟ خود ہی بڑا انکشاف کردیا
اسلام آباد (ڈیلی پاکستان آن لائن) صدر عارف علوی نے کہاہے کہ میں نے سپیکر کے ذریعے اپوزیشن کو پیغام بھیجا تھا کہ میری تقریر کے پہلے دس منٹ خاموش رہیں تاکہ کشمیر کے حوالے سے دنیا کومثبت پیغام جائے لیکن اپوزیشن نے اس درخواست کومسترد کردیا ۔
جیونیوز کے پروگرام ”ایک دن جیو کے ساتھ“میں گفتگو کرتے ہوئے صدر مملکت نے کہا کہ پارلیمان کے مشترکہ اجلاس کے موقع پر میں نے اپوزیشن سے درخواست کی تھی کہ اپنے خطاب کے شروع کے دس منٹ میں کشمیر پر بات کروں گا جس پر ساری قوم یکجاہے ، اس لئے میرے خطاب کے شروع کے دس منٹ خاموش رہیں تاکہ کشمیر کے حوالے سے دنیا کو مثبت پیغام جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ یہ درخواست میں نے سپیکر کے ذریعے کی تھی لیکن اپوزیشن نے شائد اس درخواست کو مسترد کردیا جس کوانڈیا نے اٹھا کر اس طرح پیش کیا کہ کشمیر پر پاکستان کے صدر یا وزیر اعظم کچھ بھی کہیں لیکن اپوزیشن اس کے خلاف ہے جو حکومت کے موقف کے خلاف نعرے لگارہی ہے ۔