حکمران کشمیر کی لڑائی سری نگر میں لڑ لیں ورنہ یہ لڑائی اسلام آباد میں لڑنا پڑے گی:سراج الحق
پشاور(ڈیلی پاکستان آن لائن)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ پاکستان نے اس وقت کشمیر کا ساتھ نہ دیا تو کشمیر ہمیشہ کے لیے انڈین یونین کا حصہ بن جائے گا ،حکمران آج کشمیر کی لڑائی سری نگر میں لڑ لیں ورنہ یہ لڑائی اسلام آباد میں لڑنا پڑے گی ،حکومت کو کشمیر پر یوٹرن نہیں لینے دیں گے،اس وقت کشمیر پر قومی وحدت ایٹم بم سے بھی زیادہ ضروری ہے،موجودہ حکومت ملکی تاریخ کی ناکام اور نالائق ترین حکومت ہے ۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکز اسلامی پشاو رمیں سینئر صحافیوں کے ساتھ خصوصی نشست میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیر العظیم،مرکزی سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف،صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالواسع،امیر جماعت اسلامی پشاور عتیق الرحمن اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات صہیب الدین کاکاخیل بھی موجود تھے ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ حکومت نےروٹی،جان بچانے والی ادویات اورروزمرہ ضروریات کی قیمتوں میں کئی گنا اضافہ کرکےعوام کی زندگی اجیرن کردی ہے،تاجر مزدور ،زمیندار اور کسان سب پریشان ہیں،حکومت کو ووٹ اور سپورٹ دینے والے مایوس ہوچکے ہیں،پی ٹی آئی نے سب سے زیادہ نوجوانوں کو مایوس کیا ہے،ایک کروڑ نوکریوں کا وعدہ کرنے والوں نے بے روزگاری میں30 فی صد اضافہ کردیا ہے اور پچاس لاکھ گھردینے کی باتیں کرنے والوں نے اب تک ہزاروں گھر مسمار کردیئے ہیں،حکومت نے ایک سال میں مہنگائی ، بے روزگاری اور یوٹیلٹی بلز اور تیل و گیس کی قیمتوں میں بے تحاشا اضافہ کر کے غریب کو زندہ در گور اور سفید پوش طبقہ سے باعزت زندگی کا حق چھین لیا ہے،میڈیا ٹربیونل بدنیتی پر مبنی ہے اس کی مذمت کرتے ہیں،میڈیا کی آزادی ، ذمہ دارانہ اسلوب پر قومی ڈائیلاگ ناگزیر ہیں،حکومت اپنی خوفناک حکمت عملی سے میڈیا کی آزادی غلامی ، خوف اور وحشت میں تبدیل نہ کرے ۔
سینیٹر سراج الحق نے کہاکہ موجودہ حکومت کو پالیسیاں سابقہ حکومتوں سے ورثے میں ملی ہیں اور وہ بھی انہی پالیسیوں پر گامزن ہے،پی ٹی آئی نے عوام کو سبز باغ دکھائے تھے، پی ٹی آئی جس تیزی کے ساتھ مقبول ہوئی تھی اسی تیزی سے غیر مقبول ہوگئی ہے،اس کی تمام پالیسیاں ناکام ثابت ہورہی ہیں جن سے 22کڑور عوام پریشان ہیں،آج عوام کے ساتھ ساتھ صحافیوں کے چہرے بھی مرجھائے ہوئے ہیں کیونکہ ان کی اظہار آزادی پر بھی حکومت نے قدغنیں لگا دی ہیں۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی پاکستانی قوم کے ساتھ کھڑی رہے گی اور کسی کی سیاست کو کندھا نہیں دے گی،جماعت اسلامی ا پنے پلیٹ فارم سے سابق اور موجودہ حکمرانوں کے کرتوتوں کو بے نقاب کرے گی،کراچی سے لے کر چترال تک جماعت اسلامی عوام کو بیدار کررہی ہے اور 27 ستمبر کو مظفر آباد کی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ ہوگا ۔