سماجی ترقی کیلئے طلبا کی بہترین تربیت ناگز یر ہے، میاں محمود الرشید

  سماجی ترقی کیلئے طلبا کی بہترین تربیت ناگز یر ہے، میاں محمود الرشید

  

  لا ہور (سٹی رپورٹر) وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ اربن ڈویلپمنٹ میاں محمود الرشید نے کہا ہے کہ سماجی ترقی کے لیے طلبا کی تربیت نا گزیر ہے اور اس حوالے سے تعلیمی اداروں کا کردار اہم ہے ان خیالات کا اظہار گزشتہ روز انہوں نے یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے رچنا بلاک کیمپس کی افتتاحی تقریب سے کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ  پاکستان کی ترقی بھی طلبا کی نصابی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ بہترین تربیت کے ساتھ مشروط ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کا یہ خاصہ ہے کہ وہ ہمیشہ طلبا کی نصابی ضروریات پوری کرنے کے ساتھ ساتھ ان کی سماجی تربیت کے لیے بھی کوشاں رہا ہے اور یہی وجہ ہے کہ آج یونیک گروپ لاہور کے کونے کونے تک پھیل چکا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئر مین یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر عبدالمنان خرم نے کہا کہ یونیک گروپ اپنے طلبا کی نصابی ضروریات پوری کرنے کے لیے انہیں بہترین اور جدیدماحول فراہم کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ یونیک گروپ میں طلبا کی سماجی تربیت پر بھی خصوصی توجہ دی جاتی ہے۔

 اور اس ضمن میں انہیں مختلف ہم نصابی سرگرمیوں میں حصہ لینے کے لیے مواقع بھی فراہم کیے جاتے ہیں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چیئر مین یونیک گروپ عفیف اشرفصدیقی نے کہا کہ ملک میں خواندگی کی شرح کو بڑھانے کے حوالے سے نجی تعلیمی اداروں کا کردار اہم ہے اور ان اداروں میں طلبا کو بہترین تعلیم کے ساتھ ساتھ جدید سہولیات سے آراستہ ماحول بھی فراہم کیا جا رہا ہے۔تقریب میں ڈائریکٹر یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر وسیم انور چوہدری،پروجیکٹ ڈائریکٹر میڈم فاخرہ،سینئر صحافی اور تجزیہ کار نعیم خان نیازی،پرنسپل کوآرڈینیشن ثناء اللہ ثانی،مینجر میڈیا اینڈ کمیونیکشنز زنیر چوہدری کے علاوہ مہمانوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -