خدمت خلق کا جذبہ انسانیت کی معراج ہے،ذکر اللہ مجاہد

 خدمت خلق کا جذبہ انسانیت کی معراج ہے،ذکر اللہ مجاہد

  

    لاہور(پ ر) امیر جماعت اسلامی لاہور میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ خدمت خلق کا جذبہ اور عملی خدمت انسانیت کی معراج ہے۔اسلام ایک دوسرے کے لئے ایثار وقربانی کے جذبے کی تعلیم دیتا ہے۔اللہ کی راہ میں خرچ کرنے والوں کے مال واسباب میں اللہ تعالیٰ برکتیں فرماتا ہے۔جماعت اسلامی بنا اقتدار کے رنگ ونسل سے بالاتر ہو کر اہلیان لاہور کی خدمت میں مصروف عمل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جوہر ٹاون میں میت گاڑی کے افتتاح کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔میاں ذکر اللہ مجاہد نے مزید کہا کہ جماعت اسلامی عوام کے حقوق اور تحفظ کیلئے کوشاں ہے جبکہ دیگر سیاسی پارٹیاں اپنی کرپشن بچانے اور مفادات کے لیے سرگرم عمل ہیں۔ عوام بھوک و افلاس، مہنگائی، بے روزگاری سمیت دیگر مسائل کی چکی میں بری طرح پس رہی ہے۔

 تبدیلی کے نام پر اقتدار میں آنے والے حکمرانوں نے قوم کو مہنگائی کے ذریعے دیوار کے ساتھ لگا دیا ہے۔حکمرانوں نے گذشتہ 2 سالوں میں عوام کے مسائل کو حل کرنے کی بجائے ان میں بے پناہ اضافہ کردیا ہے۔ لوگوں کی مشکلات اور مصیبتوں میں بے پناہ اضافہ ہوچکا ہے۔بے روز گاری نے لوگوں کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے کردیے ہیں۔میاں ذکر اللہ مجاہد نے کہا کہ قرآن و سنت کا نظام حیات ہمارے لیے قیامت تک مشعل راہ ہے جس کے لیے جماعت اسلامی جدوجہد کررہی ہے۔ انسان کی حقیقی فلاح، ترقی اور خوشحالی کی ضمانت صرف اسلامی کے نظام زندگی میں ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -