چلے ہوئے کارتوس قوم کو گمراہ نہیں کر سکتے،سلمان پرویز
لاہور(پ ر) انٹرنیشنل ہیومن رائٹس موومنٹ کے مرکزی سینئر نائب صدر سلمان پرویز نے کہا ہے کہ متحدہ اپوزیشن کی نام نہاد اے پی سی میں متعدد چوروں نے ایک ساتھ زورزورسے قومی اداروں کیخلاف شورمچایا۔ماضی میں ایک دوسرے کیخلاف مقدمات کے مدعی اورمحرک اب ایک ساتھ اپنی اپنی صفائیاں اورسیاسی انتقام کی دوہائیاں دے رہے ہیں۔قومی سیاست کے چلے اورجلے ہوئے کارتو س قوم کوگمراہ نہیں کرسکتے۔ جس نے زندگی بھر ووٹرکوعزت نہیں دی آج وہ بھی ووٹ کوعزت دوکی دوہائی دے رہاہے۔
قومی چوروں کا اپنے بچاؤ کیلئے ایک ساتھ بیٹھناکوئی عجوبہ نہیں لیکن یہ کاوش بے سود ہے۔نیب زدگان حکومت کی آڑ میں ریاست کوبلیک میل کررہے ہیں۔ وہ ایک تقریب سے خطاب کررہے تھے۔سلمان پرویز نے مزید کہا کہ افواج پاکستان کی کمٹمنٹ پاکستان کے ساتھ ہے،پاک فوج اندرونی وبیرونی دشمنان پاکستان کونابود کردے گی۔پاکستانیوں کی افواج پاکستان کے ساتھ والہانہ محبت سودوزیاں سے بے نیاز ہے۔انہوں نے کہا کہ مادروطن پاکستان کے سنجیدہ طبقات نے نام نہاد اے پی سی کااعلامیہ مسترد کردیا۔ ملک عزیزکاہرفرد بے رحم احتساب کاخواہاں ہے،نیب کے ہوتے ہوئے کوئی قومی چورمزید"چوڑ" نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ احتساب کے شکنجے میں آنے پر چوروں کاچیخنا فطری امر ہے۔جوپاکستان کے قومی وسائل میں نقب لگاتے رہے اب ان کی زندگی ایوانوں نہیں زندانوں میں گزرے گی۔ انہوں نے کہا کہ بدترین کرپشن نے پاکستان کوشاہراہ ترقی پرگامزن نہیں ہونے دیا،ہمسایہ ملک چین کی طرز پر کرپشن کیخلاف سخت سے سخت سزامقررکی جائے۔جوریاست چوروں کے ساتھ نرمی سے پیش آتی ہے تاریخ اس پررحم نہیں کرتی۔انہوں نے کہا کہ شفاف احتساب کیلئے نیب کومزید موثر،منظم اورطاقتوربنانااشد ضروری ہے۔