جنرل ہسپتال میں پولیو مہم کے لئے خصوصی کاؤنٹرز قائم

  جنرل ہسپتال میں پولیو مہم کے لئے خصوصی کاؤنٹرز قائم

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
  لاہور(جنرل رپورٹر)پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر ڈاکٹر سردار محمد الفرید ظفرنے بتا یا ہے کہ لاہور جنرل ہسپتال میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کیلئے خصوصی کاؤنٹر قائم کر دئیے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ نئی نسل کو دائمی معذوری سے بچانے کے لئے انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے سوا کوئی چارہ نہیں لہذا شعبہ صحت سے تعلق رکھنے والے افراد بالخصوص لیڈی ہیلتھ ورکرز 21سے25ستمبر تک جاری قومی پولیو مہم میں اپنی تمام تر صلاحیتیں اور کاوشیں برؤئے کار لائیں۔ انہوں نے  سرکاری وغیر سماجی تنظیموں، سوشل ورکرز اور علمائے کرام سے اپیل کی کہ پولیو کی بیماری کے خلافعوامی شعور اجاگر کرنے کیلئے میدان عمل میں اتریں۔

 سوموار کے روز لاہور جنرل ہسپتال میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کے لئے قائم کاؤنٹرز کا جائزہ لیتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر محمد الفرید ظفرنے کہا کہ پولیو مہم کی کامیابی کے لئے والدین اورعوام پر اہم ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ اپنے نو نہالوں کو ساری عمر کی معذوری سے بچانے کے لئے ہیلتھ ورکرز کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلوانے میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیں۔پرنسپل پی جی ایم آئی نے کہا کہ بد قسمتی سے ہمارے معاشرے میں سنی سنائی باتوں پر یقین کر کے آگے پھیلا دیا جا تا ہے اور کچھ اسی طرح کا معاملہ پولیو ویکسین کے ساتھ بھی درپیش ہے جسے بہتر کرنے کے لئے ہم سب کو اپنا انفرادی و اجتماعی کردار ادا کرنا چاہیے۔انہوں نے جنرل ہسپتال میں پولیو سے بچاؤ کے قطروں کی فراہمی کا جائزہ لیا اور ہدایت کی کہ یہاں آنے والے ہر شہری کے ساتھ اچھے انداز سے پیش آیا جائے اور بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کی طرف راغب کیا جائے۔ اس موقع پر جنرل ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عبدالرزاق، ڈاکٹر لیلیٰ شفیق و دیگر انتظامی ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔