درآمدی گندم ٹی سی پی سے خریدنے کی منظوری، عوام کو ریلیف دینے پر پوری توجہ دی جائے: عثمان بزدار

  درآمدی گندم ٹی سی پی سے خریدنے کی منظوری، عوام کو ریلیف دینے پر پوری توجہ ...

  

 لاہور(جنرل رپورٹر)وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ پنجاب کابینہ نے درآمدی گندم ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان سے خریدنے کی منظوری دی۔ اجلاس میں محکمہ خوراک حکومت پنجاب کو درآمدی گندم خریدنے کیلئے ٹی سی پی کے ساتھ معاہدہ کرنے کی اجازت دینے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں گندم کی امدادی قیمت پر نظرثانی کیلئے کمیٹی تشکیل دی گئی۔ کمیٹی گندم کی نئی امدادی قیمت مقرر کرنے کے حوالے سے اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نئی فصل کی بوائی سے قبل گندم کی امدادی قیمت پر نظرثانی کیلئے حتمی سفارشات پیش کی جائیں۔کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں گندم کی امدادی قیمت پر نظرثانی کا جائزہ لیں گے۔انہوں نے کہا کہ پنجاب واجد صوبہ ہے جہاں آٹے کا تھیلا مقرر کردہ نرخوں پر دستیاب ہے۔ گندم اور آٹے کی قیمتو ں میں استحکام کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ مستقبل میں صوبے کی ضروریات کو مدنظر رکھ کر پیشگی اقدامات کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف کی فراہمی سب سے زیادہ مقدم ہے۔ عوام کو ریلیف دینے پر پوری توجہ دی جائے۔ اجلاس میں ہاتھی چوک راولپنڈی میں دھماکے کے متاثرین کے لواحقین کو مالی امداد دینے کی منظوری دی گئی۔ صوبائی وزراء، مشیران،معاونین خصوصی، چیف سیکرٹری،متعلقہ سیکرٹریز اور اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ سردارعثمان بزدار نے صوبے میں انسداد پولیو مہم کا افتتاح کر دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے وزیراعلیٰ آفس میں بچوں کو قطرے پلا کر مہم کا آغاز کیا۔ صوبائی وزراء عبدالعلیم خان، ڈاکٹر یاسمین راشد، سردار حسنین بہادر دریشک اور چیف سیکرٹری نے بھی بچوں کو قطرے پلائے۔ پنجاب میں آج سے شروع ہونے والی 5 روزہ انسداد پولیو مہم 25 ستمبر تک جاری رہے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ صوبہ بھر میں 2کروڑ 3 لاکھ بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ ایک لاکھ 10 ہزار ورکرز اور سپروائزر گھر گھر جاکر بچوں کو انسداد پولیو کی ویکسین پلائیں گے۔ پولیو ورکرز کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز خود فیلڈ میں نکل کرانسداد پولیو مہم کی نگرانی کریں۔ والدین سے اپیل ہے کہ وہ انسداد پولیو ٹیموں سے تعاون کریں اوراپنے بچوں کو انسداد پولیو کے قطرے پلائیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کے خلاف جنگ قوم کے نو نہالوں کے مستقبل کی جنگ ہے۔ اپنے بچوں کو پولیو کے موذی مرض سے ہر صورت بچائیں گے۔ اس جنگ کو جیتنے کے لئے معاشرے کے ہر طبقے کو اپنا بھر پور کردارادا کرنا ہوگا۔ متعلقہ محکموں اور اداروں کو باہمی رابطوں کو مضبوط بنا کر رزلٹ دینا ہوں گے۔مشترکہ کاوشوں سے پولیو وائرس کا خاتمہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کو شکست دینے کیلئے نئے جذبے اورعزم کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔ سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان، صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد، صوبائی وزیر لائیو سٹاک سردار حسنین بہادر دریشک، چیف سیکرٹری، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ پنجاب، سیکرٹری پرائمری اینڈ سیکنڈری ہیلتھ،کمشنر لاہور ڈویژن، سیکرٹری اطلاعات، ڈپٹی کمشنر لاہور اور متعلقہ حکام نے تقریب میں شرکت کی۔

عثمان بزدار

مزید :

صفحہ اول -