میگاکرپشن کیسز منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح،جسٹس (ر) جاوید اقبال

  میگاکرپشن کیسز منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح،جسٹس (ر) جاوید ...

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


اسلام آ با د(سٹاف رپورٹر)  قومی احتساب  بیورو (نیب)کے چیئر مین جاوید اقبال نے کہا ہے کہ میگاکرپشن کیسز کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے، نیب کی کارکرگی کو مزید بہتر بنانے کیلئے آپریشن اور پراسیکیوشن کے شعبوں کو مز ید فعال بنایا گیا ہے۔ ترجمان کے مطابق اپنے ایک بیان میں چیئرمین نیب نے کہا نیب کو2019  میں 53 ہزار 643 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 42 ہزار 760 کو نمٹا دیا گیا ہے جبکہ 2018 میں نیب کو 48 ہزار 591 شکایات موصول ہوئیں جن میں سے 41 ہزار 414 کو نمٹایا گیا۔ شکایات میں اضافہ سے نیب پر عوام کے اعتماد کا اظہارہوتا ہے۔ نیب نے 2019 کے دوران 1308 شکایات کی جانچ پڑتال کی، 1686 انکوائریوں اور 609 انویسٹی گیشن کو نمٹایا جبکہ نیب کے مقدمات میں مجموعی سزا کی شرح 68.8 فیصد ہے جو کہ دنیا میں وائٹ کالر کرائمز کے مقدمات میں شاندار کامیابی ہے۔ نیب نے سینئر سپر وائزری افسران کی اجتماعی دانش سے فائدہ اٹھانے کیلئے مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کا نظام وضع کیا ہے۔ یہ ٹیم ڈائریکٹر، ایڈیشنل ڈائریکٹر، انویسٹی گیشن آفیسر، لیگل کونسل، مالیاتی اور لینڈ ریونیو کے ماہرین پر مشتمل ہے۔ اس کے علاوہ نیب راولپنڈی میں فرانزک سائنس لیبارٹری قائم کی گئی جس میں ڈیجیٹل فرانزک، سوالیہ دستاویزات اور فنگر پرنٹ کے تجزیئے کی سہولت ہے۔ 2019میں 50 مقدمات میں اس لیبارٹری میں 15 ہزار 747 سوالیہ دستاویزات، 300 انگوٹھوں کے نشانات سمیت 74 ڈیجیٹل ڈیوائسز لیب ٹاپس، موبائل فونز، ہارڈ ڈسک وغیرہ کا تجزیہ کیا گیا ہے۔ نیب سارک اینٹی کرپشن فورم کا چیئرمین ہے۔ نیب سارک ممالک کیلئے رول ماڈل کی حیثیت رکھتا ہے۔ نیب ملک میں انسداد بدعنوانی کا ادارہ ہے جس نے چین کیساتھ سی پیک کے منصوبوں کے تناظر میں مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کیے ہیں۔ اس سے دونوں ممالک کے درمیان معاشی و تجارتی تعاون میں اضافہ کے پیش نظر بدعنوانی سے پاک ماحول فراہم کرنے میں مدد ملے گی اور بدعنوانی کے خاتمے کیلئے ایک دوسرے کے تجربات سے مستفید ہونے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے نیب کے ریجنل بیوروز کو ہدایت کی کہ وہ ٹھوس شواہد اور قانون کے مطابق شکایات کی جانچ پڑتال کریں، انکوائریاں اور انویسٹی گیشن نمٹائیں تاکہ بد عنوان عناصر کیخلاف تحقیقات کو قانون کے مطابق منطقی انجام تک پہنچایا جاسکے-
جاوید اقبال

مزید :

صفحہ اول -