حکومت اور کرپٹ جماعتوں نے عوام کو مایوس کیا: سینیٹر سراج الحق 

حکومت اور کرپٹ جماعتوں نے عوام کو مایوس کیا: سینیٹر سراج الحق 

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

 
 کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ ملک میں اس وقت سب سے زیادہ نقصان پی ٹی آئی کے سپوٹرز اور ووٹرز کو ہوا ہے،پیپلز پارٹی، مسلم لیگ اور ایم کیو ایم کا کارکن بھی پریشان حال ہے، ملک میں کوئی تبدیلی نہیں آئی، موجودہ حکومت دو سالوں میں بچوں اور بچیوں کی عزت نہیں بچا سکی تو ملک کیسے چلائے گی، کراچی معاشی شہ رگ ہے لیکن کرپٹ جماعتوں نے کراچی کے عوام کو مایوس کیا، حکمرانوں نے کراچی سے اربوں روپے لوٹے اور اپنا بنک بیلنس بڑھایا ہے، آج پارٹی کا کلرک ایک بڑا سرمایہ دار بن گیا یہ ایک بڑی تبدیلی آئی ہے،حکومت الیکشن کمیشن اور پولنگ بوتھ کو آزاد چھوڑے اور شفاف انتخابات کروائے، 27 ستمبر کو شاہراہِ قائدین پر  ”حقوق کراچی مارچ“ میں آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کیا جائے گا، کراچی کے عوام 27ستمبر کوشاہراہ قائدین پر ہونے والے مارچ میں خواتین و  بچوں کے ساتھ شریک ہوکر جماعت اسلامی کی تحریک کاحصہ بنیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع غربی کے تحت ایک روزہ تربیت گاہ کے اختتام پر ”عوامی سیشن“سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔تربیت گاہ سے امیرجماعت اسلامی صوبہ بلوچستان عبدا لحق ہاشمی، نائب امرائے کراچی ڈاکٹر اسامہ رضی، ڈاکٹر واسع شاکر، امیرجماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن، جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے ناظم اعلیٰ مولانا عبد الوحید، معروف اسکالر اور کالم نویس شاہ نواز فاروقی،امیر ضلع غربی محمد اسحاق خان، نائب امیر ضلع غربی فضل احد حنیف ودیگرنے بھی خطاب کیا۔سینیٹر سراج الحق نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہاکہ اپوزیشن جماعتیں پی ٹی آئی کی حکومت ختم کرکے اپنی حکومت قائم کرنے کی جدوجہد جبکہ ہم طاغوت کی حکومت ختم کرکے اللہ کی حاکمیت قائم کرنا چاہتے ہیں۔ایک کامیابی وہ ہے جسے باطل دنیا میں کامیابی حصول اقتدار ودولت کو سمجھتا ہے،ایک وہ کامیابی ہے جو آخرت کی ہے یہ ہمارے پیش نظر ہے،ہم کسی وڈیرے، جاگیردار، سرمایہ داریاامیر جماعت اسلامی کے لیے بلکہ اللہ کی مخلوق کو رب کی طرف بلاتے ہیں یہی جماعت اسلامی کا دستور ہے۔مسلمانوں کیخلاف چہار اطراف سے سازشیں ہورہی ہیں، ہماری ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کی عزت تار تار کی جارہی ہیں، ڈاکٹر عافیہ 86سال کے لیے دشمن کی قید میں ہے،ڈاکٹر عافیہ نے والدہ کو پیغام پہنچایاہے کہ روزمحشر میں اللہ اور اس کے رسول سے پاکستانیوں کی شکایت کروں گی، حکمرانوں کیلیے یہ نوشتہ دیوار ہے۔ سراج الحق نے مزید کہا کہ ریاست مدینہ میں توجانوروں کے بھی حقوق ہوتے تھے یہاں خواتین اوربچوں کی عزتیں محفوظ نہیں، ہماری بیٹیاں غیر محفوظ ہیں،مجھے مقتولہ زینب کے والد نے بتایا کہ زینب الرٹ بل منظوری کے باوجود ابھی تک تھانوں میں نہیں پہنچا، وہ سارے قوانین جس میں غریبوں کی بات ہو اس کی کسی کو پروا نہیں اگریہی قانون کسی امیر کے لیے ہوتاتو اگلے دن عملدآمد کے لیے عدالتوں اور تھانوں تک پہنچ چکا ہوتا۔ انہوں نے کہاکہ اسٹیبلشمنٹ تینوں جماعتوں کواقتدار میں لائی مگرعوام کو مہنگائی، غربت، بیروزگاری کے سوا کچھ نہیں ملا، غریب غریب تر ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ   کارکنان معاشرے کی بھلائی کیلیے اٹھ کھڑے ہوں،رائے عامہ ہموارکر کے ایک بڑے انقلاب کیلیے لوگوں کی ذہن سازی کریں۔عبد الحق ہاشمی نے کہاکہ  بلوچستان میں کبھی عوام کی حقیقی نمائندگی نہیں دی گئی۔حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ جماعت اسلامی دعوت دین کی تحریک ہے،ہم اللہ کے نظام کو اللہ کی زمین پر قائم کرنا چاہتے ہیں، ہم کراچی اور پاکستان سے نکل کر پوری دنیا میں شریعت کا نفاذ اور ظلم کا خاتمہ چاہتے ہیں،قرآن کے نظام کو نافذ کیے بغیر کلمہ پڑھنے کا مقصد ادھور اہے، لوگوں کو چھوٹی چھوٹی باتوں پر تقسیم کردیا جاتا ہے جبکہ ہم اللہ کی حاکمیت قائم کرنا چاہتے ہیں، ہم ملکی جغرافیہ اور قانون کے مطابق جدوجہد کرتے ہیں،جماعت اسلامی عالمگیر تحریک ہے،رنگ ونسل و مذہب اور فرقوں سے بالا تر ہوکر جدوجہد پر یقین رکھتے ہیں۔ہم کسی سازش کے ذریعے اقتدار کے حصول پر یقین نہیں رکھتے۔

مزید :

صفحہ اول -