حکومتی وزراء کے ردعمل سے لگتا ہے نشانہ ٹھیک جگہ پر لگا، فرحت اللہ بابر

  حکومتی وزراء کے ردعمل سے لگتا ہے نشانہ ٹھیک جگہ پر لگا، فرحت اللہ بابر

  

  اسلام آباد(آن لائن)پاکستان پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے سیکرٹری جنرل فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی دنیا کی واحد جماعت ہے جس کے دو چیئرمینوں نے جمہوریت،آئین،پارلیمان کی بالادستی اور غریبوں کی آواز اٹھاتے ہوئے جان کا نذرانہ پیش کیا ہے اور بلاول بھٹو زرداری اپنے نانا اور والدہ کے علم کو اٹھا کر جدوجہد کر رہے ہیں آل پارٹیز کانفرنس کے رد عمل میں حکومتی وزراء جس طرح کی باتیں کر رہے ہیں اس سے لگتا ہے کہ نشانہ ٹھیک جگہ پر لگا ہے۔ان خیالات کا اظہار پیپلزپارٹی اسلام آباد کی خواتین ونگ کی جانب سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کی تقریب کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں کیا ان کے ہمراہ نرگس فیض ملک،نذیر ڈھوکی،سبط الحسن بخاری، نورالہی،صدف مرتضی،ساجد حسین ساجد ودیگر شامل تھے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کے موقع پر آل پارٹیز کانفرنس نے ایک اعلامیہ جاری کیا اور پاکستان بار کونسل نے بھی اپنا اعلامیہ جاری کیا،جس کو آل پارٹیز کانفرنس میں بھی تسلیم کیا گیا۔انہوں نے کہا کہ یہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ یاد رکھی جائے گی کہ ان کی قیادت میں تمام پارٹیوں نے کہا ہے کہ ہماری جنگ سلیکٹر اور سلیکٹڈ دونوں سے ہے اور پہلی بار ذمہ داری دونوں پر آئی ہے،بلوچستان میں سول حکمرانی نہیں ہے اور ایف سی کو لگام دی جائے اور وزیراعظم کے معاون خصوصی عاصم سلیم باجوہ پر جائیداد کے حوالے سے لگنے والے الزامات کی بھی تحقیقات ہونی چاہئیں سبط الحسن بخاری نے کہا کہ ہم اپنے چیئرمین کو ان کی سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہیں نذیر ڈھوکی نے کہا کہ آل پارٹیز کانفرنس کامیاب رہی ہے  صدف مرتضی نے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پاکستان کا مستقبل ہیں  میڈیا سے گفتگو کے بعد چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا،جس میں اسلام آباد سٹی کے عہدیدار و ورکرز شامل تھے۔

فرحت اللہ بابر

مزید :

صفحہ آخر -