کامیا ب نوجوان پروگرام کے ذریعے مالی وسائل تک آسان رسائی دینگے، عثمان ڈار

کامیا ب نوجوان پروگرام کے ذریعے مالی وسائل تک آسان رسائی دینگے، عثمان ڈار

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app


فیصل آباد (سٹی رپورٹر) کامیاب نوجوان پروگرام کے پہلے مرحلہ میں 21سے 45سال تک کی عمر کے نوجوانوں کو اپنی کاروباری مہارت سے فائدہ اٹھانے کیلئے مالی وسائل تک آسان رسائی دی جائے گی اور اس مقصد کیلئے 100ارب روپے کی خطیر رقم مختص کی گئی ہے۔ یہ بات وزیر اعظم کے معاون خصوصی اور چیئرمین کامیاب نوجوان پروگرام عثمان ڈار نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ فیصل آباد کے نوجوان کاروباری صلاحیتوں سے مالا مال ہیں مگر انہیں ان صلاحیتوں سے فائدہ اٹھانے کا موقع ہی نہیں دیا گیا  جس کی وجہ سے آج ملک بھر کی طرح فیصل آباد کی مائیکرو، کاٹیج اور ایس ایم ای انڈسٹری بحران کا شکار ہے انہوں نے ٹیکسٹائل کے شعبہ کی ترقی میں فیصل آباد کے کردار کو سراہا اور کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اس اہم شعبہ کیلئے مکمل وزارت قائم کرنا چاہتے ہیں جس پر بہت جلد کام شروع کر دیا جائے گا انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایس ایم ای سیکٹر کو نظر انداز کیا گیا حالانکہ برآمدات میں اس کا حصہ 80فیصد جبکہ جی ڈی پی میں اس کا حصہ 25سے 30فیصد رہا انہوں نے کہا کہ اس شاندار کردار کے باوجود کل دیئے گئے قرضوں کا صرف 6فیصد اس سیکٹر کوملا جو اس سیکٹر کے بحران کی اصل وجہ ہے  انہوں نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے 10لاکھ نوجوانوں کو روزگار بھی مہیا کیا جائے گا  انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں آئندہ چند ماہ کے دوران ٹیکسوں میں کمی کی جائے گی   برآمد کنندگان کیلئے آسانیاں پیدا کرنے کیلئے وزیر اعظم کی ہدایت پر دس دس سال پرانے ری فنڈ کلیم ادا کئے جا رہے ہیں کامیاب جوان پروگرام کے پورٹل پر فیصل آباد ڈویژن سے 21ہزار نوجوانوں نے 27ارب کے قرضوں کی ڈیمانڈ کی ہے ان درخواستوں کی سکروٹنی جلد شروع ہو جائے گی اور اس وقت 21کے 21بینک اس کام میں مصروف ہیں انہوں نے بتایا کہ اب تک اس پروگرام کے تحت ایس ایم ای سیکٹر کے 3ہزار اداروں کو 1.3ارب کے قرضے دیئے جا چکے ہیں جبکہ 6سے 7ہزار اداروں کیلئے مزید 5ارب کے قرضے منظور کئے گئے ہیں جو آئندہ ڈیڑھ سے دو ماہ کے دوران تقسیم کر دیئے جائیں گے۔اس سے قبل وفاقی پارلیمانی سیکرٹری میاں فرخ حبیب نے بتایا کہ حکومت نے کاروباری مسائل کو حل کرنے کی ہر ممکن کوششیں کی ہیں اس سے قبل خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر رانا محمد سکندر اعظم خاں نے بتایا کہ یہ چیمبر اس علاقہ کے ڈیڑھ کروڑ عوام کی ترجمانی کر رہا ہے  انہوں نے بتایا کہ ایم تھری انڈسٹریل سٹی میں نئے اور جدید ایف سی سی آئی کمپلیکس کیلئے 5ایکڑ زمین بھی خریدی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ موجودہ قیادت نے زیادہ تر مسئلے حل کر لئے ہیں مگر بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی واپسی کا مسئلہ ابھی تک حل طلب ہے اور اس سلسلہ میں انہیں مقامی ارکان اسمبلی کے علاوہ وفاقی وزراء اور معاونین کی مدد کی ضرورت ہے انہوں نے کامیاب نوجوان پروگرام کو بھی سراہا اور کہا کہ اس کے حصول کو مزید سادہ، سہل اور آسان بنایا جائے۔جبکہ سیکورٹی کے بغیر قرض کی شرح کو 10لاکھ سے بڑھا کے 50لاکھ کیا جائے۔ اس موقع پر صدر رانا محمدسکندر اعظم خاں نے عثمان ڈار کو فیصل آباد چیمبر کی اعزازی شیلڈ پیش کی جبکہ وزیر اعظم کے معاون خصوصی نے فیصل آباد چیمبر کے لان میں پودا لگا یا اور چیمبر کے مین ہال میں کامیاب جوان پروگرام کے ڈیجیٹل ہیلپ ڈیسک کا بھی افتتاح کیا۔
عثمان ڈار

مزید :

صفحہ آخر -