بائیو سیکیورٹی پلان زمبابوے کرکٹ کو ارسال کر دیا گیا، مہمان سکواڈ پاکستان پہنچ کر کتنے روز قرنطینہ اختیار کرے گا؟
لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے بائیو سیکیورٹی پلان زمبابوے کرکٹ کو ارسال کردیا گیا جس کے مطابق مہمان سکواڈ کو 5 روز تک قرنطینہ اختیار کرنا ہو گا۔
تفصیلات کے مطابق ملتان میں 3 ون ڈے اور راولپنڈی میں اتنے ہی ٹی 20میچز پر مشتمل سیریز کھیلنے کیلئے زمبابوین کرکٹ ٹیم کو آئندہ ماہ پاکستان آنا ہے اور اس حوالے سے دونوں ملکوں کے بورڈ میں بات چیت حتمی مراحل میں داخل ہو چکی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے کورونا ایس او پیز کی ابتدائی تفصیلات زمبابوے کرکٹ کو بھجوا دیں جن میں کھلاڑیوں، معاون سٹاف اور متعلقہ لوگوں کی صحت کو اولین ترجیح قرار دیا گیا ہے۔
دونوں ٹیموں کو یکساں ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا ہوگا، بائیو سیکیورببل بناتے ہوئے انٹرنیشنل معیارات کو سامنے رکھا جائے گا، اس ضمن میں پی سی بی نے انگلینڈ اینڈ ویلز کرکٹ بورڈ (ای سی بی) کے تجربات سے بھی فائدہ اٹھایا ہے جبکہ ضرورت پڑنے پر مزید مشاورت بھی کی جائے گی۔
مہمان ٹیم کوپاکستان پہنچنے کے بعد کم از کم 5 روز کا قرنطینہ مکمل کرنا ہو گا، پاکستان آمد سے قبل زمبابوے سکواڈ میں شامل ہر فراد کا کورونا ٹیسٹ منفی آنا لازمی ہے، دوسرا یہاں آنے کے بعد ہو گا اور اگر کسی فرد کا ٹیسٹ مثبت آیا تو اسے فوری طور پر آئیسولیٹ کرتے ہوئے 2 رپورٹس منفی آنے کے بعد ہی دوبارہ سکواڈ کو جوائن کرنے کی اجازت ہوگی۔
پی سی بی زمبابوے کرکٹ کی جانب سے تحریری جواب کا منتظر ہے جس کے موصول ہوتے ہی شیڈول جاری کردیا جائے گا، زمبابوین بورڈ نے اپنی حکومت کو اجازت کیلئے خط لکھ دیا ہے اور قوی امکان ہے کہ مثبت جواب موصول ہوگا۔یاد رہے کہ کورونا وائرس کے سبب زمبابوے میں کرکٹ کی سرگرمیاں اگست میں معطل کردی گئی تھیں، افغانستان کیخلاف سیریز بھی ملتوی ہوئی،اب کھلاڑی دورہ پاکستان کیئے فارم اور فٹنس بہتر بنانے کی کوشش کریں گے اور اس حوالے سے گروپس میں ٹریننگ کا آغاز بھی کر دیا ہے۔