جھونپڑی میں رہنے اور ’پانی پوری‘ بیچ کر گزارا کرنے والا نوجوان بھی آئی پی ایل کا حصہ بن گئے، کس ٹیم نے کتنے لاکھ ڈالرز میں خریدا اور اس کی کہانی کیا ہے؟ جان کر ہر نوجوان کا جذبہ جوان ہو جائے

جھونپڑی میں رہنے اور ’پانی پوری‘ بیچ کر گزارا کرنے والا نوجوان بھی آئی پی ...
جھونپڑی میں رہنے اور ’پانی پوری‘ بیچ کر گزارا کرنے والا نوجوان بھی آئی پی ایل کا حصہ بن گئے، کس ٹیم نے کتنے لاکھ ڈالرز میں خریدا اور اس کی کہانی کیا ہے؟ جان کر ہر نوجوان کا جذبہ جوان ہو جائے
کیپشن:    سورس:   Twitter

  

نئی دہلی (ڈیلی پاکستان آن لائن) یشاسوی جسپال کرکٹ کے شوق میں 8 سال کی عمر میں گھر سے نکلے اور 18 سال کی عمر میں انہیں اپنے خوابوں کی تعبیر مل گئی ہے جو انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کے رواں ایڈیشن کیلئے 3 لاکھ ڈالرز کے عوض راجستھان رائلز کا حصہ بن چکے ہیں۔ 

تفصیلات کے مطابق 28 دسمبر 2001ءکو یوپی میں پیدا ہونے والا جسپال 8 برس کی عمر میں پروفیشنل کرکٹر بننے کے جذبے کے ساتھ والد کے ہمراہ ممبئی پہنچے اور کرکٹ گراؤنڈ کے قریب جھونپڑی میں رہنے لگے جبکہ گزر بسر کیلئے وہ پانی پوری اور پھل فروخت کرتے مگر اس کیساتھ ہی وہ کرکٹ کے میدان میں بھی مصروف رہتے تھے۔ تین سال قبل ان کی قسمت جاگ اٹھی اور کرکٹ کوچ جلوہ سنگھ نے میدان میں بیٹنگ پریکٹس کرتے ہوئے دیکھ کر ان کی اہلیت اور صلاحیت کا اندازہ لگالیا اور اپنی کرکٹ اکیڈمی میں شامل کرنے کے ساتھ اپنی رہائش گاہ میں قیام کی سہولت بھی فراہم کی۔

جسپال نے سکول کرکٹ ٹورنامنٹ کے ایک میچ میں ٹرپل سنچری سکور کرنے کے ساتھ 13 وکٹیں اپنے نام کرکے ایک ریکارڈ قائم کیا اور پھر ممبئی انڈر 16 کرکٹ ٹیم میں شامل ہونے کے بعد عالمی جونیئر کپ2020ءکیلئے بھارت انڈر 19 کرکٹ ٹیم کا حصہ بنے اور عمدہ کارکردگی سے اپنی چھاپ چھوڑنے میں کامیاب ہوئے۔ 

یشاسوی جسپال نے وجے ہزارے ٹرافی میں اپنے پہلے ہی میچ میں ڈبل سنچری جڑتے ہوئے 154 گیندوں پر 203 رنز کی اننگ کھیلی اور اے کرکٹ میں دنیا کے سب سے کم عمر کرکٹر ہونے کا 50 سالہ ریکارڈ توڑ ڈالا۔ مسلسل شاندار کارکردگی کی بدولت آئی پی ایل میں راجستھان رائلز نے 27 ہزار ڈالر سے شروع ہونے والی جسپال کی بولی 3 لاکھ 27 ہزار ڈالر میں حاصل کر لی اور اب وہ بھارتی کرکٹ ٹیم میں شامل ہو کر ٹیسٹ کرکٹ کیپ حاصل کرنے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ 

مزید :

کھیل -