نیشنل ٹی 20 کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کیلئے انعامی رقم کتنی رکھی گئی ہے؟ جان کر ہی کرکٹرز کی آنکھیں چمک اٹھیں

نیشنل ٹی 20 کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کیلئے انعامی رقم کتنی رکھی گئی ہے؟ جان کر ...
نیشنل ٹی 20 کپ فرسٹ الیون ٹورنامنٹ کیلئے انعامی رقم کتنی رکھی گئی ہے؟ جان کر ہی کرکٹرز کی آنکھیں چمک اٹھیں

  

لاہور (ڈیلی پاکستان آن لائن) پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے نیشنل ٹی 20کپ فرسٹ الیون کیلئے مجموعی طور پر 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم کا اعلان کیا ہے۔ 

تفصیلات کے مطابق ملک بھر سے تعلق رکھنے والے محدود طرز کی کرکٹ کے بہترین کھلاڑی 30 ستمبر سے ملتان میں شروع ہونے والے نیشنل ٹی 20 کپ میں جلوہ گر ہوں گے۔ ڈومیسٹک کرکٹ سیزن 21-2020ءکے اس ابتدائی ٹورنامنٹ میں مجموعی طورپر تقریباً 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم تقسیم ہوگی۔

ایونٹ کی فاتح ٹیم کو 50 لاکھ روپے کی انعامی رقم دی جائے گی جبکہ فائنلسٹ ٹیم 25 لاکھ روپے کی حقدار ٹھہرے گی، یہی نہیں بلکہ ٹورنامنٹ کے بہترین کھلاڑی، بیٹسمین، باؤلر اور وکٹ کیپر کو ایک ایک لاکھ روپے کی انعامی رقم بھی دی جائے گی۔ سیزن کے پہلے ٹورنامنٹ کے دوران ہر میچ کے بہترین کھلاڑی کو 25 ہزار روپے دئیے جائیں گے جبکہ ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلے جانے والے اس ایونٹ کے مین آف دی فائنل کو بطور انعام 35 ہزار روپے ملیں گے، ایونٹ کا فائنل 18 اکتوبر کو راولپنڈی کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

ٹورنامنٹ میں تقسیم ہونے والی 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم ڈومیسٹک کنٹریکٹ کے حامل کھلاڑیوں کو ملنے والے ماہوار وظیفے اور میچ فیس کے علاوہ ہے۔ دوسری جانب سیزن 21-2020ءکا ڈومیسٹک کنٹریکٹ حاصل کرنے والا ایک کرکٹر ماہوار وظیفے اور میچ فیس کی مد میں سالانہ 18 سے 32 لاکھ روپے (کٹیگری کے اعتبار سے ) کمائے گا۔ عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کیلئے پرکشش انعامی رقم کا اعلان پاکستان کرکٹ بورڈ کی اس پالیسی کے عین مطابق ہے جس کا مقصد ڈومیسٹک کرکٹ کے معیار کو مزید بہتر بنانا ہے۔

ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ نے کرکٹ سے حاصل ہونے والے پیسے کو واپس کرکٹرز کی فلاح و بہبود پر خرچ کرنے کو ہی اپنا ہدف بنا رکھا ہے اور یہی وجہ ہے کہ نیشنل ٹی 20 کپ میں مجموعی طور پر تقریباً 90 لاکھ روپے کی انعامی رقم مختلف انداز سے کھلاڑیوں میں تقسیم کی جائے گی۔

ندیم خان نے مزید کہا کہ ماہوار وظیفے اور میچ فیس کی مد میں پی سی بی پہلے ہی کھلاڑیوں کی کمائی کا ایک نیا اور پرکشش سٹرکچر متعارف کرواچکا ہے، اب کوویڈ19 کے دوران ڈبل لیگ کی بنیاد پر کھیلا جانے والا یہ ایونٹ کھلاڑیوں کی آمدن کو بھی دگنا کردے گا۔

مزید :

کھیل -