میر غلام مرتضیٰ بھٹو کی 24ویں برسی دبئی میں منائی گئی

میر غلام مرتضیٰ بھٹو کی 24ویں برسی دبئی میں منائی گئی
میر غلام مرتضیٰ بھٹو کی 24ویں برسی دبئی میں منائی گئی

  IOS Dailypakistan app Android Dailypakistan app

دبئی (طاہر منیر طاہر) سابقہ وزیراعظم پاکستان ذوالفقار علی بھٹو اور سابقہ خاتون اول بیگم نصرت بھٹو کے صاحبزادے میر غلام مرتضیٰ بھٹو کی 24 ویں برسی گزشتہ دنوں دبئی میں منائی گئی جس میں پاکستان پیپلزپارٹی متحدہ عرب امارات اور گلف و مڈل ایسٹ ریجن کے کارکنوں نے بھرپور شرکت کی۔

تقریب کا اہتمام پی پی پی کے متحرک کارکن مجاہد حسین نے کیا تھا جس میں پی پی پی مڈل ایسٹ /گلف ریجن کے صدر میاں منیر ہانس، صوفی فرحان نقشبندی، عرفان قمر گوندل، شفیق صدیقی، سید سلیم آفندی، ملک خرم شہزاد، محمد امین سرگانہ، فضل درانی، ممتاز بنگش، محمد ارشد بٹ اور دیگر کارکنوں و عہدیداروں نے شرکت کی۔ اس موقع پر میر غلام مرتضیٰ بھٹو کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی اور ان کی مغفرت کے لیے دعا کی گئی۔

یاد رہے کہ 18 ستمبر 1954ءمیں پیدا ہونے والے ذوالفقار علی بھٹو اور بیگم نصرت بھٹو کے صاحبزادے میر غلام مرتضیٰ بھٹو کو 20 ستمبر 1996ءکو کراچی میں قتل کردیا گیا تھا اس وقت ان کی عمر 42 سال تھی۔ میر غلام مرتضیٰ بھٹو اس وقت سیاست کے میدان میں ایک ابھرتے ستارے کی مانند تھے اور سیاست میں ان کا عملی کردار شروع ہوچکا تھا لیکن کچھ نادیدہ قوتوں نے انہیں موت کی نیند سلادیا اور یوں سیاست کا ایک باب شروع ہونے سے قبل ہی بند ہوگیا۔ اگر میر مرتضیٰ بھٹو زندہ ہوتے تو پاکستان کی سیاست میں ان کا نام ہوتا۔

تعزیتی اجلاس میں شریک متذکرہ لوگوں نے جمہوریت کے لیے میر غلام مرتضیٰ بھٹو کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ وہ شہید جمہوریت ہیں۔ اظہار رائے کرتے ہوئے متذکرہ شرکائے تقریب نے کہا کہ پاکستان میں جمہوریت کے فروغ کے لیے بھٹو خاندان کی قربانیاں لازوال ہیں جنہیں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔