”مہندرا سنگھ دھونی کی مقبولیت ٹنڈولکر اور ویرات کوہلی سے بھی زیادہ ہے“
دبئی (ڈیلی پاکستان آن لائن) بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان اور عظیم بلے باز سنیل گواسکر نے مہندرا سنگھ دھونی کی تعریف کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے مقبولیت میں سچن ٹنڈولکر اور ویرات کوہلی کو بھی پیچھے چھوڑ دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سابق کپتان سنیل گواسکر 13 ویں انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) کی کمنٹری کیلئے ابو ظہبی میں ہیں جن کا کہنا ہے کہ دو بار کے عالمی کپ فاتح کپتان مہندر سنگھ دھونی کی ہندوستان میں مقبولیت سچن ٹنڈولکر اور ویرات کوہلی کو بھی پیچھے چھوڑ گئی ہے۔
مہندر سنگھ دھونی نے گزشتہ سال بین الاقوامی کرکٹ کو الوداع کہہ دیا تھا اور آخری مرتبہ وہ 2019ءکے عالمی کپ میں نیوزی لینڈ کے خلاف سیمی فائنل میچ بعد وہ رواں آئی پی ایل کا میچ کھیلنے کیلئے پہلی بار میدان میں اترے تھے۔ آئی پی ایل کے افتتاحی میچ سے قبل سنیل گواسکر نے کہا کہ دھونی رانچی سے آئے ہیں جہاں بہت کرکٹ کا رواج نہیں ہے، اس لئے پورا ہندوستان انہیں چاہتا ہے۔ سچن ٹنڈولکر کو چاہنے والے ممبئی اور کولکتہ میں تو ویرات کوہلی کے چاہنے والے دہلی اور بنگلورو میں زیادہ ملیں گے لیکن دھونی کے مداح پورے ہندوستان میں ہیں۔
واضح رہے کہ اسی سال 15 اگست کو دھونی نے ون ڈے انٹرنیشنل اور ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا تھا جبکہ وہ دنیا کے واحد کپتان ہیں جنہوں نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے سبھی خطاب اپنے نام کئے ہیں، دھونی عالمی کپ، ٹی 20 کپ اور چیمپینز ٹرافی جیتنے والے واحد کپتان ہیں۔
انہوں نے بطور کپتان 332 انٹرنیشنل میچ کھیلے ہیں جو کہ ایک عالمی ریکارڈ ہے اور اس دوران 11,207 رن بنائے جن میں 11 سنچریاں اور 71 نصف سنچریاں شامل ہیں۔ انہوں نے 200 ون ڈے، 60 ٹیسٹ اور 72 ٹی 20 انٹرنیشنل میچز میں بھارت کی قیادت کی، وہ اپنے کیریئر میں 8 بار آئی سی سی ون ڈے ٹیم آف دی ایئر میں شامل ہوئے ہیں جو ایک عالمی ریکارڈ ہے۔