پاک سعودی نوجوانوں نے سمندر کی گہرائی میں یوم الوطنی منایا
ریاض (وقار نسیم وامق / محمد اکرم اسد) سعودی عرب کے قومی دن کے موقع پر پاکستانی نوجوانوں نے سعودی شہریوں کے ساتھ ملکر سمندر کی گہرائی میں جاکر سعودی عوام کو قومی دن کی مبارکباد پیش کی.
سعودی عرب کے ساحلی شہری جدہ میں ہر سال کی طرح اس سال بھی سعودی عرب کے 90 ویں قومی دن کی مناسبت سے پاکستانی نوجوان یحییٰ اشفاق کی قیادت میں عمر جان، حسن بخشں اور سعودی شہریوں بندر رجب اور علاء الرشیدی کے ہمراہ سمندر کی گہرائی میں اتر کر سعودی عرب کے قومی پرچم کو لہرانے کے علاوہ سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان کی تصاویر کو بھی اجاگر کیا اسکے علاوہ سمندر کی تہہ میں کورونا وائرس کے خلاف فرنٹ لائن پر لڑنے والے ڈاکٹرز، پیرا میڈیکل سٹاف اور پولیس اہلکاروں سمیت دیگر افراد کو بھی خراج تحسین پیش کیا.
منفرد انداز کے ساتھ یوم الوطنی کی شروعات کرنے کے حوالے سے ٹیم لیڈر یحییٰ اشفاق نے کہا ہے کہ وہ گزشتہ کئی سالوں سے جہاں پاکستان کے قومی دن کو منانے کے لئے سمندر کی تہہ میں اترتے ہیں اور اس موقع پر سعودی شہری پاکستان سے دوستی اور محبت کا اظہار کرنے کے لئے ہمارا ساتھ دیتے ہیں بلکل اسی طرح ہم بھی سعودی شہریوں کے ہمراہ یوم الوطنی کے موقع پر سمندر میں سعودیہ کا قومی پرچم لہراتے ہیں اس سے جہاں دونوں ملکوں کی عوام نزدیک آتے ہیں وہیں پر دونوں برادر اسلامی ملکوں کے درمیان تعلقات بھی مستحکم ہوتے ہیں.
انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب ہمارا دوسرا گھر ہے اور ہم سعودی عرب کے قومی دن کو منفرد انداز کے ساتھ منا کر خوشی محسوس کرتے ہیں دعا ہے کہ پاک سعودی دوستی ہمیشہ یونہی قائم و دائم رہے.