اٹالین اوپن ٹینس، عالمی نمبر ایک جوکووچ نے ریکارڈ 36واں ماسٹرز ٹائٹل جیت لیا
روم (آئی این پی) سربیا کے شہرہ آفاق ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ایک نوواک جوکووچ نے اٹالین اوپن ٹینس ٹورنامنٹ جیت لیا، رواں ماہ کے میگا ایونٹ یو ایس اوپن ٹینس سے نااہل ہونے کے بعد اپنا پہلا ٹورنامنٹ کھیلنے والے سربین کھلاڑی نے مینز سنگلز فائنل میں ڈیاگو شوارٹزمین کو شکست دے کر ریکارڈ 36 واں ماسٹرز ٹائٹل اپنے نام کیا۔
تفصیلات کے مطابق اٹلی کے دارالحکومت روم میں جاری ٹینس ٹورنامنٹ میں کھیلے گئے مینز سنگلز فائنل میں 33 سالہ عالمی نمبر ایک ٹینس سٹار نوواک جوکووچ نے عمدہ روایتی کھیل پیش کرتے ہوئے ارجنٹائن کے حریف ڈیاگو شوارٹز مین کو سٹریٹ سیٹس میں 5-7 اور 3-6 سے شکست دے کر نہ صرف ٹورنامنٹ جیتا بلکہ ریکارڈ 36 واں ماسٹر ٹائٹل اپنے نام کیا۔
نوواک جوکووچ اس سے قبل اس ریکارڈ میں ہسپانوی ٹینس سٹار رافیل نڈال کے ہم پلہ تھے دونوں کھلاڑیوں نے یہ ٹائٹل 35، 35 مرتبہ جیتا تھا تاہم اٹالین اوپن ٹینس جیت کر نوواک جوکووچ نے رافیل نڈال کا 35 ماسٹرز ٹائٹل جیتنے کا ریکارڈ توڑ دیا ہے اور اب ماسٹرز ٹائٹل میں سربیا کے نوواک جوکووچ 36 ٹائٹلز کے ساتھ پہلے، ہسپانوی ٹینس سٹار رافیل نڈال 35 ماسٹرز ٹائٹلز کے ساتھ دوسرے، سوئٹزرلینڈ کے راجر فیڈرر 28 ماسٹرز ٹائٹلز کے ساتھ تیسرے، امریکہ کے آندرے آگاسی 17 ٹائٹلز کے ساتھ چوتھے جبکہ برطانوی ٹینس سٹار اینڈی مرے 14 ماسٹرز ٹائٹلز کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔
واضح رہے کہ یہ نوواک جوکووچ کے ٹینس کیریئر کا 81 واں ٹائٹل ہے جبکہ روواں سال کا تیسرا گرینڈ سلیم فرنچ اوپن ٹینس ٹورنامنٹ 27 ستمبر سے شروع ہو رہا ہے اور ہسپانوی ٹینس سٹار رافیل نڈال پیرس میں مردوں کے سنگلز مقابلوں کے ٹائٹل کے دفاع کیلئے میدان میں اتریں گے۔