سطح سمندر سے 9,200 فٹ بلند مالم جبہ میں ماؤنٹین سائیکلنگ ریلی کا انعقاد
مالم جبہ (آئی این پی)سطح سمندر سے 9,200 فٹ کی بلندی پر واقع مالم جبہ میں ماﺅنٹین سائیکلنگ ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں 2 خواتین سمیت 20 کھلاڑیوں نے اپنے صلاحیتوں کے جوہر دکھائے۔
تفصیلات کے مطابق انتظامیہ کی جانب سے مالم جبہ علاقے میں سیاحت کی فروغ کیلئے 3 کلومیٹر طویل ٹریک پر ماﺅنٹین سائیکلنگ ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں شریک 20کھلاڑیوں نے پتھریلے راستوں اور پرخطر ٹریک پر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔
ریلی میں شریک ایک خاتون سائیکلسٹ ثمر خان کا کہنا تھا کہ اس میں ہمارے ساتھ 60 سال کے افراد، خواتین اور بچے بھی ہیں اور اس سے یہ پیغام دینے کی کوشش کی گئی ہے کہ یہ ریلی آرام سے ہو سکتی ہے اور لوگ فیملی بھی لاسکتے ہیں، ریلی میں شریک خواتین اور بچوں نے مالم جبہ کے پہاڑوں کے بیچ 3 کلومیٹر طویل ٹریک کو عبور کیا۔
خاتون سائیکلسٹ ثمر خان نے دیگر خواتین کو سائیکل چلانے کا مشورہ بھی دیا اور کہا کہ یہ ٹریک کافی مشکل ہے لیکن اگر میں نے یہاں سائیکلنگ کی ہے تو دیگر خواتین بھی کر سکتی ہیں۔