عرب ممالک سے مایوس فلسطین نے عرب لیگ کی صدارت چھوڑ دی
رام اللہ(ڈیلی پاکستان آن لائن )فلسطین نے متحدہ عرب امارات اور بحرین کی جانب سے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرنے کی مذمت نہ کرنے پر علاقائی تنظیم عرب لیگ کی صدارت چھوڑ دی۔فلسطین کو اگلے 6 ماہ تک عرب لیگ کے اجلاسوں کی صدارت کرنا تھی لیکن آج رام اللہ میں پریس کانفرنس کے دوران فلسطین کے وزیر خارجہ ریاض المالکی نے عرب لیگ کی صدارت سے مستعفیٰ ہونے کا اعلان کیا اور کہا کہ فلسطین صرف موجودہ اجلاس کی صدارت کرے گا۔
خیال ر ہے کہ 9 ستمبر کو فلسطین کی صدارت میں عرب لیگ کے 22 رکنی ممالک کے وزرائے خارجہ کا اجلاس ہوا تھا جس میں فلسطین کی جانب سے اسرائیل عرب ممالک معاہدوں پر مذمتی قرار داد پیش کی گئی تھی جس پر رکن ممالک نے اتفاق نہیں کیا تھا۔اس کے بعد 15 ستمبر کو متحدہ عرب امارات اور بحرین نے اسرائیل سے تعلقات قائم کرنے کے معاہدے پر دستخط کیے تھے۔