27اکتوبر کو بھارتی مظالم کے خلاف یوم سیاہ منائیں گے،راجہ بشارت

27اکتوبر کو بھارتی مظالم کے خلاف یوم سیاہ منائیں گے،راجہ بشارت

  

لاہور (اپنے نمائندے سے)صوبائی وزیر قانون و کوآپریٹوز راجہ بشارت  نے کہا ہے کہ 27 اکتوبر کو صوبائی، ڈویژنل اور ضلعی سطح پر کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کے خلاف یوم سیاہ منایا جائے گا اور احتجاجی و مذمتی پروگراموں میں وزیر اعلیٰ عثمان بزدار سمیت وزراء، اراکین اسمبلی، دانشور، ذرائع ابلاغ اور سول سوسائٹی کے نمائندے بھی شرکت کریں گے۔وہ  اپنی زیر صدارت سول سیکرٹریٹ میں کشمیر کمیٹی پنجاب کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے -

 اجلاس میں یوم سیاہ منانے کے لیے انتظامات کا جائزہ لیا گیا۔ ایم پی اے نزیر چوہان اور متعلقہ محکموں کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے جبکہ ایڈیشنل سیکریٹری اطلاعات فرحت جبیں نے بریفنگ دی۔ ڈویڑنل کمشنروں نے ویڈیو لنک کے ذریعے اپنی اپنی ڈویڑن میں انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبہ بھر کے تعلیمی اداروں میں کشمیریوں پر بھارتی مظالم اجاگر کرنے کے لیے جلوس، سیمینارز اور تقریری مقابلے منعقد ہونگے۔

آرٹس کونسلوں میں بھارتی مظالم پر مبنی تصاویر و دستاویزی فلموں کی نمائش کی جائے گی جبکہ سڑکوں، گلیوں، بسوں سمیت اہم مقامات پر مذمتی بینرز آویزاں کیے جائیں گے۔ راجہ بشارت نے مزید کہا کہ کشمیر میں حقوق انسانی کی خلاف ورزیوں پر عالمی کمیونٹی کا ضمیر جھنجوڑا جائے گا اور گزشتہ سال کی طرح امسال بھی پنجاب سے دنیا بھر میں بھارتی ظلم وستم کے خلاف متفقہ پیغام بھیجا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پوری قوم یوم سیاہ کو ایک قومی فریضہ سمجھ کر سرکاری و نجی مظاہروں کو کامیاب کرے اور دنیا بھر میں پھیلے پاکستانی شہری مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی ظلم و جبر کو عالمی برادری کے سامنے اجاگر کریں۔

مزید :

میٹروپولیٹن 4 -