آستانہ عالیہ مانکی شر یف کی تحریک پاکستان میں اہم خدمات ہیں،قاری زوار

 آستانہ عالیہ مانکی شر یف کی تحریک پاکستان میں اہم خدمات ہیں،قاری زوار

  

لاہور(نمائندہ خصوصی) تحریک پاکستان میں قابل فحر کردار ادا کرنے والے خیبرپختونخواہ کے معروف آستانہ عالیہ زکوڑی شریف کے سجادہ نشین صاحبزادہ پیر سید محمد امین آف مانکی شریف نے جمعیت علماء پاکستان کے رہنما مفکر اسلام علامہ قاری محمد زوار بہادر سے ملاقات کی۔ملاقات میں مفتی عبدالکریم خان،رشید احمد رضوی اور دیگر حضرات بھی موجود تھے۔اس موقع پر علامہ قاری محمد زوار بہادر نے کہا کہ آستانہ عالیہ مانکی شر یف کی تحریک پاکستان کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔اْس وقت پیر صاحب مانکی شریف نے قائداعظم محمد علی جناح کاجو ساتھ نبھایا اور تحریک پاکستان میں جو کردار ادا کیا قوم ہمیشہ ان کو یاد رکھے گی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ نئی نسل کو اپنے اسلاف اور آستانوں کے کردار سے روشناس کروانے کے لئے ان بزرگوں کے تذکرے اورکردار کوسکول، کالجز اور یونیورسٹیوں کے نصاب میں شامل کیا جائے۔ صاحبزادہ پیر سید محمد امین آف مانکی شریف نے کہا کہ تحریک پاکستان،تحریک ختم نبوت، تحریک نظام مصطفےٰ اور استحکام پاکستان کے لئے جمعیت علماء پاکستان کے اکابرین نے لازوال کردار ادا کیا ہے 

 میں علامہ شاہ احمد نورانی،مولانا عبدالستار خان نیازی اور دیگر اکابرین سمیت علامہ قاری محمد زوار بہادر کواہلسنّت اور ملک و قوم کے لئے خدمات پر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔پیر محمد امین کا کہنا تھا کہ اس وقت ہمارا وطن کافی مشکلات میں ہے مختلف قسم کے فتنے سراٹھا رہے ہیں جس سے اتحاد امت کو ناقابل تلافی نقصان پہنچ رہا ہے انہوں نے کہا کہ افغانستان کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں اسلامی حکومت قائم ہو چکی ہے اور وہاں ایک مضبوط حکومت کے لئے کام جاری ہے اس لئے پاکستانی قوم کو اپنے افغان بھائیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے ان کے لئے اپنے دل کھول دینے چاہئیں۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امریکہ کے جانے سے فوری امن و آمان کی صورتحال 90 فی صد بہتر ہو گئی ہے۔ لیکن اس وقت امارات اسلامی معاشی اور سیاسی طور پر کافی مشکلات میں ہے۔اقوام عالم اور اسلامی ممالک کو انسانی ہمدردی کے لئے امارات اسلامی کی مشکلات کو حل کرنے میں اپنا کردار ادا کرنا چاہیے بصورت دیگر وہاں بہت بڑا انسانی المیہ رونماہو سکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اللہ کا شکر ہے کہ آج ہمارے دشمن بھارت کو بہت بڑی شکست ہوئی ہے اور افغان عوام نے امریکی قیادت میں چالیس ممالک کی افواج سے اپنا ملک آزاد کروا لیا ہے۔

مزید :

میٹروپولیٹن 1 -