عرس داتا گنج بخشؒ پر ایس او پیز پر عمل کرائیں گے،سعید الحسن شاہ
لاہور(فلم رپورٹر)حضرت داتاگنج بخش ؒعلی ہجویری کے 978ویں سالانہ عرس مبارک کے انتظامات وتقریبات کے سلسلہ میں سید سعید الحسن شاہ وزیر اوقاف ومذہبی امور پنجاب کی زیر صدارت پریس کلب لاہور میں میڈیا کو بریفنگ دی گئی۔اس موقع پر ڈاکٹر طاہر رضا بخاری ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور اوقاف پنجاب اورخالد محمود سندھو زونل ایڈ منسٹر یٹر اوقاف داتادربار لاہور نے شرکت کی۔ وزیر اوقاف نے بتایا کہ عرس مبارک کی تمام تقریبات میں حکومت کی طرف سے جاری کردہ کر و نا ایس اوپیز (ماسک، سینٹائزر، ویکسینشن سر ٹیفکیٹ اور سماجی فاصلہ) پر ہر صورت میں عملدرآمد کرایا جا ئے گا۔محکمہ اوقاف کی طرف سے زائرین کے لیے لنگر اور عرس کی دیگر تقریبات اور انتظامات کے لئے ایک کروڑ روپے کی رقم مختص کی گئی ہے
۔اس امر کا اظہار ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور اوقاف نے دوران بریفنگ کیا۔دربار حضرت داتاگنج بخشؒ لاہور کا سالانہ عرس مبارک مورخہ 26تا 28ستمبر بروز اتوار،پیر اور منگل کو آپ کے آستانہ پر منعقد ہوگا۔ جس کا باقاعدہ آغاز 11بجے دن رسم چادر پوشی سے ہوگا۔بعد ازاں حسب روایت سبیل دودھ کا افتتاح کیاجائے گا۔ دربار حضرت داتاگنج بخشؒ کے عرس کے حوالے سے استقبالیہ تقریبات کا آغاز انٹرنیشنل کانفرنس سے ہوگا۔اس سلسلہ میں بروز بدھ 10بجے دن رازی ہال نیو کیمپس پنجاب یورنیورسٹی لاہور میں ہوگا،کانفرنس کے دوسرے روز 10بجے دن بخاری آڈیٹوریم جی سی یونیورسٹی لاہور میں کانفرنس ہوگی جبکہ بروز جمعتہ المبارک کو معروف دانشور پروفیسر احمد رفیق اختر خصوصی لیکچر صبح 10بجے دن بمقام دربار حضرت داتاگنج بخشؒ فرمائیں گے۔عرس کے موقع پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئے جائیں گے۔اس موقع پر زائرین کے لئے محکمہ اوقاف کی طرف سے 133عدد سکیورٹی و کلوز سرکٹ کیمرے نگرانی کے لئے نصب کئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ محکمہ پولیس کی طرف سے بھی 2000اہلکاران تعینات کئے گئے ہیں۔علاوہ ازیں 02ایلیٹ فورس کی گاڑیاں 02سیکنگ مشین 11واک تھروگیٹ 15میٹل ڈیٹیکٹرز شامل ہیں۔زائرین کی سہولت کے لئے دیگر محکمہ جات کے کیمپ آفسز بھی قائم کیے گئے ہیں جن میں لیسکو،واسا،سول ڈیفنس،ابتدائی طبی امداد اور سوئی گیس کے محکمہ جات شامل ہیں۔