ڈبلیو ایس ایس پی کے جی ایم آپریشن کیخلاف شکایت حقیقت پر مبنی نہیں 

ڈبلیو ایس ایس پی کے جی ایم آپریشن کیخلاف شکایت حقیقت پر مبنی نہیں 

  

پشاور(سٹی رپورٹر)واٹر اینڈ سینی ٹیشن سروسز پشاور (ڈبلیو ایس ایس پی) کے ترجمان نے مقامی اخبار میں کمپنی کے جنرل منیجر آپریشن ریاض احمد خان کی تقرری کے حوالے سے چھپنے والی خبر کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ جی ایم آپریشن کے خلاف شکایت حقیقت پر مبنی نہیں، بعض عناصر انہیں بدنام کرنے پر تلے ہوئے ہیں، موصوف کی کارکردگی بہترین ہے انہیں کمپنی پالیسی کے تحت میرٹ پر بھرتی کیا گیا ہے۔ وضاحتی بیان میں ترجمان نے کہا کہ جی ایم آپریشن دن رات فیلڈ میں متحرک رہتا ہے، وہ آٹھ بجے صبح سے شام تک دفتری امور اور دن کے آپریشن جبکہ رات 10 بجے سے علی الصبح تک رات کے آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں جس کی انہیں کوئی اضافی مراعات نہیں دی جارہیں علاوہ ازیں عملے کی نگرانی کے ساتھ ساتھ عوام کودرپیش صفائی اور پانی سے متعلق شکایات کا فوری ازالہ کر رہے ہیں، انہی کی نگرانی میں رات کا آپریشن کامیاب کے ساتھ جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمپنی جی ایم آپریشن کی خدمات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جس کی بدولت ریونیو کے مقررہ اہداف حاصل کئے گئے ہیں، کمپنی توقع رکھتی ہے کہ ان کی نگرانی میں شہری خدمات کے معیار میں بہتری آئے گی۔

مزید :

پشاورصفحہ آخر -