360ارب کا ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکج ہر ضلع کی یکساں ترقی کاآئینہ دار: عثماب بزدار

  360ارب کا ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکج ہر ضلع کی یکساں ترقی کاآئینہ دار: عثماب بزدار

  

 لاہور(جنرل رپورٹر)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے ملتان سے رکن صوبائی اسمبلی سلمان نعیم نے ملاقات کی۔سلمان نعیم نے وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کو حلقے کے مسائل سے آگاہ کیا۔وزیر اعلیٰ عثمان بزدارنے مسائل ترجیحی بنیاووں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے اس موقع پرگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 360 ارب روپے کا ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج ہر ضلع کی یکساں ترقی کا آئینہ دار ہے۔تاریخ میں پہلی بار منتخب نمائندوں کی مشاورت اور اضلاع کی ضروریات کو مد نظر رکھ کر منصوبے شروع کئے ہیں۔ماضی کے حکمرانوں نے جنوبی پنجاب سمیت صوبے کے ہر پسماندہ ضلع کو نظر انداز کیا۔ عوامی منصوبوں میں لوٹ مار قصہ پارینہ بن چکی ہے۔اپنے ادوار میں نمودو نمائش کرنیوالوں نے عوام کی ترجیحات کا تعین کئے بغیر منصوبوں پر قوم کا پیسہ ضائع کیا۔سابق حکمرانوں نے عوام کی حقیقی ضروریات کو پشِ پست ڈالے رکھا۔ہماری حکومت نے ماضی کی غلط روایت کا خاتمہ کیا ہے۔ اب ذاتی نمائش نہیں بلکہ صرف کام ہوتا ہے اور ہم عمل کرکے دکھاتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج تک کسی کے خلاف انتقامی کارروائی کی، نہ ہوگی۔سردار عثمان بزدار کی زیر صدارت راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ پر پیش رفت کا جائزہ لیاگیا۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینا ن کا اظہارکیااورہدایت کی کہ منصوبے پر کام کی رفتار کو مزید تیز کیا جائے اور منصوبے سے متعلقہ امور کو جلد از جلد نمٹایا جائے۔انہوں نے کہا کہ پہلے مرحلے میں راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کیلئے 44ہزار ایکڑ اراضی کا انتخاب کیاگیا ہے۔ 6ہزار ایکڑ اراضی پر انڈسٹریل زون بھی بنایا جائے گاجبکہ تین بیراج بھی تعمیر ہوں گے۔تقریباً6لاکھ کیوسک پانی ذخیرہ کیا جاسکے گا۔انہوں نے کہا کہ شجرکاری مہم کے تحت 60لاکھ پودے لگائے جائیں گے۔یہ ماحول دوست منصوبہ ہے،یہاں لگائے جانے والے پودے ماحولیات آلودگی میں واضح کمی لائیں گے-انہوں نے کہا کہ لینڈ ایکوزیشن کابقیہ کام قواعد و ضوابط کے تحت جلد سے جلد مکمل کیاجائے۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کا روں کیلئے یہ منصوبہ بے پناہ کشش رکھتا ہے۔راوی ریور اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کی دبئی ایکسپو میں شوکیسنگ کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ راوی ریور فرنٹ اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ دریا کے کنارے بننے والا دنیا کاایک منفرد اورلاثانی منصوبہ ہے اوراس گیم چینجر منصوبے سے ترقی کا نیا باب رقم ہوگا - چیف ایگزیکٹو آفیسرراوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی عمران امین نے منصوبے پر ہونے والی پیش رفت اورلینڈ ایکوزیشن کے بارے میں بریفنگ دی۔صوبائی وزیر ہاؤسنگ اسد کھوکھر،چیف سیکرٹری،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو،سیکرٹری ہاؤسنگ، چیئرمین منصوبہ بندی و ترقیات،پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ،سیکرٹری خزانہ،کمشنر لاہورڈویژن،سپیشل مانیٹرنگ یونٹ کے سربراہ اورمتعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ سردار عثمان بزدار سے ائیر آفیسر کمانڈنگ، سنٹرل ائیر کمانڈ،پاکستان ایئر فورس،ایئر وائس مارشل ظفر اسلم نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پاکستان ایئر فورس کی پیشہ وارانہ مہارت اور صلاحیتوں کو سراہا۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایئر فورس قوم کا قابل قدر اورقابل فخر ادارہ ہے۔سماجی ترقی کیلئے پاکستان ایئر فورس کے تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں۔پنجاب میں پاکستان ایئر فورس کے تعاون سے تعلیمی ادارے قائم کیے جارہے ہیں۔ عثمان بزدار نے لاہور سمیت پنجاب کے مختلف شہروں میں بارشوں کے باعث واسا اور انتظامیہ کو الرٹ کردیا ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدارنے ہدایت کی کہ نشیبی علاقوں میں بارش کے پانی کے جلد نکاس کو یقینی بنایاجائے۔واسا حکام اور انتظامیہ نکاسی آب کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں اور نکاسی آب کو کم سے کم وقت میں یقینی بنایا جائے۔ نکاسی آب کے کام میں غفلت برداشت نہیں۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو کسی قسم کی مشکل کا سامنا نہیں ہوناچاہیے۔

عثمان بزدار 

مزید :

صفحہ اول -