خیبر پختونخوا حکومت بلدیاتی انتخابات کی تیار ی کرے: الیکشن کمیشن کا حکم 

  خیبر پختونخوا حکومت بلدیاتی انتخابات کی تیار ی کرے: الیکشن کمیشن کا حکم 

  

 اسلام آباد(آئی این پی) الیکشن کمیشن نے خیبر پختونخوا حکومت سے صوبے میں بلدیاتی انتخابات کا پلان طلب کرلیا ہے، چیف الیکشن کمشنر نے کہا ہے کہ انتخابات کی تیاری کریں، تمام صوبوں کو سن کر بلدیاتی الیکشن پر آرڈر پاس کریں گے۔ منگل کو اسلام آباد میں صوبہ خیبر پختونخوا میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق الیکشن کمیشن آفس میں سماعت ہوئی۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان کی زیر صدارت 3رکنی بینچ نے سماعت کی، اس موقع پر خیبر پختونخوا کے ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ ہم صوبے میں قانون کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے خواہاں ہیں، سکیورٹی کی صورتحال ابھی مکمل طور پر واضح نہیں، بلدیاتی انتخابات کا معاملہ دوبارہ صوبائی کابینہ کے سامنے رکھا ہے، الیکشن کمیشن کی ہدایت پر مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کرائیں گے۔ اس موقع پرچیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ تمام صوبوں کو سن کر بلدیاتی الیکشن پر آرڈر پاس کریں گے، آپ تین دن میں صوبائی کابینہ سے مشاورت کے بعد پلان دے دیں۔ چیف الیکشن کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ آپ فیصلے کی طرف دیکھنے کی بجائے انتخابات کی تیاری کریں، بعد ازاں چیف الیکشن کمشنر نے خیبر پختونخوا حکومت سے مرحلہ وار بلدیاتی انتخابات کا پلان طلب کرکے اگلی تاریخ تک سماعت ملتوی کردی۔

بلدیاتی انتخابات

مزید :

صفحہ اول -